نئی دہلی ۔6نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی کے انتخابی تقاریر کے دوران بلند بانگ دعوؤں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کانگریس نے ان سے جاننا چاہا کہ وہ چین سے نظر سے نظر ملاکر کب بات کریں گے ۔ وزیردفاع نرملا سیتارامن کے دورہ ارونا چل پردیش پر چین کے اعتراض کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا نے کہا کہ ہم انتظار کررہے ہیں کہ مودی جی کب چین سے نظر سے نظر ملاکر بات کریں گے ‘ جب کہ وہ پہلے تقریروں میں کافی بلنددعوے کیا کرتے تھے ۔ سیتارامن نے کل چین کی سرحد سے متصل ارونا چل پردیش کے ضلع انجوا کا دورہ کیا تھا تاکہ دفاعی تیاریوں کا جائزہ لیا جاسکے ۔رندیپ سرجے والا نے کہا کہ ارونا چل پردیش ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور کسی بھی بیرونی طاقت کو یہاں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔