کانگریس کو کامیاب بنانے پر کھاتوں میں رقومات آئیں گے : انجن کمار یادو
حیدرآباد 6 اپریل (سیاست نیوز) صدر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی و امیدوار حلقہ لوک سبھا سکندرآباد انجن کمار یادو نے کہاکہ مودی اور کے سی آر کی میچ فکسنگ کے بعد غریب عوام کے اچھے دن آنے والے نہیں ہیں۔ اچھے دن تو صرف مودی بھگت اور کے سی آر خاندان کے آئے ہیں۔ کانگریس کو کامیاب بنانے پر ہر غریب کے بینک اکاؤنٹ میں ماہانہ 6 ہزار روپئے جمع کرانے کا وعدہ کیا۔ انجن کمار یادو نے آج تین اسمبلی حلقوں کا طوفانی دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور ان سے دریافت کیاکہ کیا بی جے پی اور ٹی آر ایس کے دور حکومت میں اچھے دن آئے۔ عوام نے انھیں نفی میں جواب دیا۔ جس پر انجن کمار یادو نے کہاکہ اچھے دن تو آئے مگر غریب عوام کے نہیں مودی بھکتوں کے آئے ہیں۔ تلنگانہ میں کے سی آر کے ارکان خاندان کے آئے ہیں جو حکومتیں غریب عوام کی ضروریات کی تکمیل میں ناکام ہوجاتی ہیں وہ اقتدار پر برقرار رہنے کے اخلاقی حق سے بھی محروم ہوجاتی ہیں۔ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھی ایسی جماعتوں کو سبق سکھائیں جو اقتدار حاصل کرنے کے بعد وعدوں سے منحرف ہوجاتی ہیں۔ انجن کمار یادو نے کہاکہ 5 سال قبل مودی نے بی جے پی کو اقتدار حاصل ہونے پر ملک کے ہر شہری کے بینک اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپئے جمع کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر اس وعدے پر کوئی عمل آوری نہیں کی۔ کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی نے غربت کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک کرتے ہوئے نئی اسکیم ’نیائے‘ کا اعلان کیا اور اس اسکیم کے ذریعہ ہر غریب کے بینک اکاؤنٹ میں ماہانہ 6 ہزار روپئے جمع کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ کانگریس جو بھی وعدے کرتی ہے اس کو پورا کرتی ہے۔ کے سی آر نے مسلمانوں اور قبائیلیوں کو 12 فیصد تحفظات غریب عوام کو ڈبل بیڈ روم مکانات، ایس سی طبقات کو تین ایکر اراضی، گھر گھر پینے کا پانی کے علاوہ اور بھی کئی وعدے کئے تھے۔ ایک لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ بھی شامل تھا، عوام کے لئے کچھ نہیں کیا لیکن اپنے ارکان خاندان کو ایوانوں تک پہنچادیا۔ اس لئے وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ آزمائے ہوئے کو دوبارہ آزماتے ہوئے اپنے 5 سال برباد نہ کریں بلکہ کانگریس کو کامیاب بناتے ہوئے ملک و دستور کو بچانے میں راہول گاندھی کا ساتھ دیں۔ انجن کمار یادو نے عوام سے وعدہ کیاکہ وہ کامیابی کے بعد ہمیشہ ان کے درمیان میں رہیں گے اور مسائل کی یکسوئی میں پیش پیش رہیں گے۔ فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے، نفرت کے نعروں اور جھوٹے وعدوں پر ہرگز بھروسہ نہ کریں بلکہ سیکولر جماعت کانگریس کو کامیاب بنائیں۔