شمس آباد ۔ یکم ؍ ڈسمبر (سیاست نیوز) تلگودیشم صدر و آندھراپردیش چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے راجندرا نگر اسمبلی حلقہ کے منی کنڈہ میں روڈ شو میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے اپنی مخاطبت میں مرکزی و ریاستی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکز میں نریندر مودی اور ریاست میں کے سی آر دونوں کی وجہ سے ملک کی معاشی حالت بدحال ہوچکی ہے۔ راجندرا نگر کی ترقی صرف تلگودیشم کے دورمیں ہی ہوئی۔ ایرپورٹ کی تعمیر، آوٹر رنگ روڈ کی تعمیر تلگودیشم کی دین ہے۔ شہر حیدرآباد کو قلی قطب شاہ نے بسایا اور ہم نے ہائی ٹیک سٹی کو دیا ہے۔ آج جہاں بھی انتخابات ہوتے ہیں وہاں مودی جاکر صرف اپنی تعریف کرتے ہوئے مخالفین پر الزامات عائد کرتے ہوئے ملک کی عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ نوٹ بندی کی وجہ سے ملک کی معاشی حالت پر کافی اثر پڑا لیکن کے سی آر نے اس کے خلاف ایک لفظ بھی نہیں کہا۔ جی ایس ٹی نے ملک کی معاشی حالت اور کاروباری اداروں پر زائد بوجھ ڈال دیا۔ پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں پر مسلسل اضافہ کیا گیا اس پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ مودی حکومت آج ملک میں تقریبا اے ٹی ایم مشینس خالی پڑے ہیں۔ ملک کئی مسائل سے دوچار ہیں لیکن دونوں چھوٹے اور بڑے مودی کو اس کی پرواہ نہیں ہے۔ طلاق ثلاثہ کے ذریعہ مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔ قانون ہر ایک کیلئے ایک ہی ہونا چاہئے لیکن طلاق ثلاثہ پر مسلمانوں کیلئے علحدہ قانون یہ صرف مسلمانوں پر ظلم کرنے کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ تحفظات کے نام پر کے سی آر ریاست کی عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ کے سی آر نریندر مودی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مسلمانوں اور ملک و ریاست کو تباہ کررہے ہیں۔ اچھے دن کا وعدہ کیا گیا تھا آج تک اچھے دن نہیں آئے اور اکاؤنٹ میں رقم جمع کرنے کا اعلان ہوا لیکن عوام کے اکاؤنٹ سے رقم خالی ہورہی ہے۔ آج تلگودیشم اور کانگریس متحد ہوکر ریاست و ملک کو بچانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ عوام کوبھی چاہئے کہ وہ عظیم اتحاد کا ساتھ دیتے ہوئے ظالم حکومتوں سے چھٹکارہ پانے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ایل رمنا تلگودیشم ریاستی صدر، کارتک ریڈی، آر گنیش گپتا امیدوار، بی وینو گوپال تلگودیشم سکریٹری، محمد جہانگیر خان کوآپشن ممبرس اسوسی ایشن ضلع صدر کے علاوہ عظیم اتحاد قائدین اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔