انتخابی وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام، ہنمنت راؤ کا بیان
حیدرآباد /19 مئی (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے مودی اور کے سی آر کے دور اقتدار کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اور چیف منسٹر تلنگانہ اپنے انتخابی منشوروں میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں۔ انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اچھے دن آنے کی امید پر ملک کے عوام نے نریندر مودی پر بھروسہ کرتے ہوئے بی جے پی اور این ڈی اے کو اقتدار سونپا، لیکن وعدوں کو پورا کرنے کی بجائے وزیر اعظم بیرونی ممالک کے دوروں پر سارا وقت صرف کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے بیرونی دوروں سے اب تک ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہوا اور نہ ہی ملک کی معاشی حالت مستحکم ہوئی، جب کہ وزیر اعظم ایک سال سے تفریح کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ 100 دن میں کالادھن واپس لانے اور ملک کے ہر شہری کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپئے جمع کرنے کا وعدہ کرنے والی این ڈی اے حکومت کا ایک سال مکمل ہوچکا ہے، مگر اب تک مذکورہ رقم ہندوستان نہیں پہنچ سکی۔ انھوں نے چیف منسٹر تلنگانہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بحیثیت ٹی آر ایس سربراہ انھوں نے عوام سے کئی وعدے کئے، مگر چیف منسٹر بننے کے بعد ان وعدوں کو بھلا دیا۔ وعدہ کے مطابق غریب عوام کو اب تک ڈبل روم کا فلیٹ نہیں دیا گیا۔ اسی طرح ایس سی طبقات کو فی کس تین ایکڑ اراضی دینے، مسلمانوں اور قبائلیوں کو تعلیم و ملازمتوں میں 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے وعدہ کو بھی پورا نہیں کیا گیا، اس طرح وزیر اعظم اور چیف منسٹر تلنگانہ اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے 70 فیصد عوام زراعت پر انحصار کرتے ہیں، تاہم دونوں حکومتیں زرعی شعبہ کو نظرانداز کر رہی ہیں، جس کی وجہ سے پریشان حال کسان نقصانات اور تنگدستی کے باعث خودکشی کرنے پر مجبور ہیں۔ انھوں نے کہا کہ راہول گاندھی سارے ملک میں بھروسہ یاترا کرکے کسانوں کو بھروسہ دلا رہے ہیں۔