صرف زبانی وعدے ، کسانوں اور غریبوں سے کوئی ہمدردی نہیں ، راہول کی تنقید
نیلم بازار ؍ سونائی (آسام) ۔ 29 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) عوام اور وزیراعظم نریندر مودی کے مابین رابطہ غیرمنقطع ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے کہا کہ انھیں یہ نہیں معلوم کہ عوام کیا چاہتے ہیں ۔ وہ ایسے جھوٹے وعدے کررہے ہیں جو کبھی پورے نہیں ہوسکتے ۔ راہول گاندھی نے آسام کی بارک وادی میں دو انتخابی ریالیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی جی کبھی عوام تک نہیں پہونچتے اور یہ جاننے کی کوشش نہیں کرتے کہ عوام کیا چاہتے ہیں ۔ انھیں عام آدمی کی پسند یا اُس کی ضرورت کا کوئی علم نہیں اور نہ وہ اس معاملے میں دلچسپی رکھتے ہیں ۔ نریندر مودی یہ سمجھتے ہیں کہ اُنھیں سب پتہ ہے اور وہ جو کچھ کہیں گے عوام اُن کی بات سن لیں گے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کیا آپ نے آج تک نریندر مودی جی کو کسی کسان یا اپنے دورہ کے موقع پر کسی غریب جھونپڑی والے کے ساتھ تصویر کشی کرتے دیکھا ۔ انھیں میک ان انڈیا پروگرام میں چند صنعتکاروں اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ تصویر کشی کرتے ہوئے آپ دیکھ سکتے ہیںلیکن وہ عام کسان ، مزدور، خواتین یا نوجوانوں کے ساتھ ایسا بالکل نہیں کرتے ۔ راہول گاندھی نے وزیراعظم پر زور دیا کہ وہ عوام کیلئے بھی کچھ کام کریں تاکہ اُنھیں فائدہ ہوسکے لیکن اب تک انھوں نے ایسا کچھ نہیں کیا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ اُنھیں سب پتہ ہے ۔ کانگریس نائب صدر نے تنقید کاسلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو انتخابات سے پہلے صرف وعدہ کرنا معلوم ہے اور وہ انھیں پورا کرنا وہ بالکل نہیں جانتے ۔ کئی لوگوں نے اُن پر بھروسہ کیا اور یہ سمجھا کہ وہ اُن کیلئے کچھ کریں گے لیکن انھوں نے عوام کے اس اعتماد کو توڑ دیا اور اب صرف بڑے تاجرین ہی اُن سے خوش ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ملک کے عوام کافی سمجھدار ہیں اور انھیں پتہ چل چکا ہے کہ مودی کبھی یہ وعدے پورے کرنے والے نہیں ۔