بھوپال ؍ ساگر 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج دعویٰ کیاکہ منتخب صنعتکاروں کے 3.5 لاکھ کروڑ مالیت کے قرضے حذف کردینے کے بعد وزیراعظم نریندر مودی اب 12 لاکھ کروڑ مالیت کے اُن کے بقیہ قرضے بھی معاف کردیں گے۔ انتخابات والی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع ساگر میں دیورج ٹاؤن میں منعقدہ ریالی سے خطاب کرتے ہوئے صدر کانگریس نے نوٹ بندی کو ملک کا سب سے بڑا اسکام قرار دیا۔ ’’میں نے مودی جی سے ملاقات کی اور اُن سے کسانوں کے قرضے معاف کرنے کے تعلق سے درخواست کی لیکن اُنھوں نے کچھ نہ کہا۔ اُنھوں نے منتخب صنعتکاروں کے 3.5 لاکھ کروڑ روپئے مالیت کے قرضے ختم کردیئے اور اب دھیرے دھیرے 12 لاکھ کروڑ روپئے کے اُن کے بقیہ قرض کو بھی معاف کردیں گے۔ مودی نے (وجئے) مالیا، نیرو (مودی)، میہول (چوکسی) کو ملک سے عوامی رقومات کے ساتھ بھاگ جانے دیا اور برادران وطن کو نوٹ بندی کے دوران بینک کی قطاروں میں کھڑا کردیا۔ لیکن کیا آپ نے کوئی بڑے اشخاص جیسے امبانی کو نوٹ بندی کے بعد قطاروں میں دیکھا ہے؟‘‘۔ 8 نومبر کو جسے نوٹ بندی کے دو سال کی تکمیل کے موقع کے طور پر منایا گیا، وزیر فینانس ارون جیٹلی نے نوٹ بندی کی مہم کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ نقاد لوگ غلط ثابت ہوئے ہیں کیوں کہ دو سال کے اعداد و شمار سے ٹیکس جال میں اضافہ، معیشت کی عظیم تر باقاعدگی اور ہندوستان کا لگاتار پانچویں سال تیز ترین بڑھتی معیشت کے طور پر برقرار رہنا ظاہر ہوا ہے۔ راہول نے دو کروڑ نوکریاں فراہم کرنے کے وعدے پر بھی مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ میک اِن انڈیا اور اسٹارٹ اپ انڈیا جیسے پروگراموں کے باوجود این ڈی اے حکومت 24 گھنٹوں میں صرف 450 نوکریاں فراہم کرنے میں کامیاب ہوئی جبکہ چین نے اُسی وقت میں 50 ہزار جاب فراہم کئے۔ کانگریس سربراہ نے وزیراعظم کو اِس بات کے لئے بھی مورد الزام ٹھہرایا کہ وہ اب کرپشن کا صفایا کرنے کے تعلق سے کچھ بھی نہیں کہتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ نریندر مودی پہلے کرپشن کے تعلق سے بہت باتیں کرتے تھے لیکن اِن دنوں وہ خاموش ہیں۔ وہ 56 انچ کے سینے کی بات کرتے تھے اور عوام سے درخواست کئے تھے کہ اُنھیں انسداد بدعنوانی کے لئے ’’چوکیدار‘‘ بنایا جائے لیکن اب وہ کرپشن کو ختم کرنے کی بات ہی نہیں کرتے۔
راجستھان کی کانگریس فہرست میں 20خواتین شامل
جے پور16نومبر(سیاست ڈاٹ کام )راجستھان میں آئندہ سات دسمبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے کانگریس نے جمعرات کو دیررات 152امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے ۔جس میں سابق وزیراعلی اشوک گہلوٹ سمیت پارٹی کے موجودہ 22اراکین اسمبلی اور 46نئے چہروں کے ساتھ ساتھ 20خواتین کو بھی انتخابی میدان میں اتارنے کی تیاری ہے ۔