ہر خاندان کو تین بچے پیدا کرنے چندرا بابو کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 3اکٹوبر ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ گذشتہ عرصہ کے دوران آبادی میں زبردست اضافہ کے پیش نظر دو سے زیادہ بچے رکھنے والے افرادکو انتخابات میں حصہ لینے کا موقع فراہم نہ رہنے کا قانون نافذ کیا گیا تھا لیکن آج ہم کو زیادہ آبادی کی شدید ضرورت ہے ۔ لہذا ہر خاندان میں کم سے کم تین بچوں کی موجودگی ہونی چاہیئے ۔ انہوں نے عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آندھراپردیش کسی مکان میں بیت الخلاء نہ رہنے کیصورت میں اس مالک مکان کو ہی نہیں بلکہ افراد خاندان کے کسی فرد کو بھی ادارہ جات مقامی کیلئے منعقد ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے نااہل قرار دیتے ہوئے ایک قانون مرتب کرے گی ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ مکانات میں بیت الخلاؤں کی موجودگی سے صحت و صفائی کے ساتھ ساتھ غلاظت وغیرے سے پاک بنانے کی تعمیر کو ایک تحریک کے طور پر چلانے کے اقدامات کئے جانے چاہیئے اور اپنی ریاستوں و مقامات پر صحت و صفائی کے اقدامات کریں ۔