من کی بات پروگرام میں نریندر مودی کو خاموشی توڑنے کا مشورہ

ویاپم اسکام کی سی بی آئی تحقیقات پر زور ، وی ہنمنت راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے 7 جولائی کو ریڈیو پر نشر ہونے والے وزیر اعظم کے من کی بات پروگرام میں اپنی خاموشی توڑنے کا نریندر مودی سے مطالبہ کیا ۔ ویاپم اسکام کی سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ۔ آج اسمبلی کے احاطے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ ویاپم اسکام مدھیہ پردیش کا سب سے بڑا اسکام ہے ۔ جس کے ثبوتوں کو مٹانے کے لیے ابھی تک 40 افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر مدھیہ پردیش مسٹر شیوراج چوہان نے اس اسکام کے ذریعہ آر ایس ایس کو 2000 کروڑ روپئے ہڑپنے کا موقع فراہم کیا ہے ۔ اسکام میں آر ایس ایس کا ہاتھ ہونے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی خاموش ہوگئے ہیں ۔ یو پی اے حکومت پر بدعنوانیوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے والے نریندر مودی این ڈی اے کی بدعنوانیوں پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں کئی مرکزی وزراء مختلف اسکامس میں پھنسے ہوئے ہیں ۔ للت مودی معاملے میں مرکزی وزیر خارجہ مسز سشما سوراج ، چیف منسٹر راجستھان مسز وسندھرا نے بھگوڑے کی تائید کی ہے ۔ مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل مسز سمرتی ایرانی جعلی سرٹیفیکٹ مقدمہ کا سامنا کررہی ہیں ۔ مہاراشٹرا میں پنکچ منڈے 200 کروڑ روپئے کے اسکام میں ملوث ہیں ۔ ایک سال میں بی جے پی کا اصلی چہرہ منظر عام پر آگیا ہے ۔ کانگریس کے لیے کھودے گئے کھڈے میں خود بی جے پی گر گئی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی من کی بات ریڈیو پروگرام سے اپنے احساسات عوام کو بتاتے ہیں اور عوام سے تجاویز طلب کرتے ہیں 7 جولائی کو منعقد ہونے والے اس ریڈیو پروگرام میں ان اسکامس پر وضاحت کرنے کے لیے اپنا بند منھ کھولیں ۔ ورنہ کانگریس پارٹی این ڈی اے حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی دھرنا منظم کرنے کا آغاز کرے گی ۔۔