منیٰ میں حجاج کی رحلت و زخمی ہونے پر اظہار دکھ،جناب محمد علی شبیر کا بیان

حیدرآباد۔/24ستمبر، ( سیاست نیوز) قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے منیٰ میں پیش آئے بھگدڑ کے سانحہ میں بڑی تعداد میں حجاج کرام کی رحلت اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ اپنے بیان میں محمد علی شبیر نے کہا کہ ایام حج کے دوران یہ دوسرا بڑا سانحہ ہے جس میں مختلف ممالک بشمول ہندوستان کے حجاج کرام متاثر ہوئے۔ پہلے حادثہ میں چند ہندوستانی حجاج کرام کے انتقال کے غم سے ہندوستانی عوام ابھی اُبھر بھی نہیں پائے تھے کہ آج کے تازہ واقعہ نے دوبارہ ماحول کو مغموم کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 5ہزار سے زائد عازمین کے افراد خاندان اور رشتہ دار ان کی خیریت اور سلامتی کے بارے میں فکر مند ہیں۔ محمد علی شبیر نے جدہ میں ہندوستانی کونسلیٹ کے عہدیداروں سے بات چیت کی اور صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ عہدیداروں نے اُمید ظاہر کی کہ آج کے بھگدڑ کے سانحہ میں ہندوستانی حجاج کرام کے متاثر ہونے کے امکانات کم ہیں۔ حیدرآباد کی ایک خاتون حاجی کے انتقال کے علاوہ مزید کسی کے بارے میں اس طرح کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔محمد علی شبیر نے جاں بحق ہونے والی خاتون حاجی کے افراد خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ تمام ہندوستانی حجاج کرام خیر و عافیت رہیں۔ انہوں نے اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور سے بھی بات چیت کرتے ہوئے حجاج کرام کی خیریت دریافت کی۔