منچی ریڈی کشن ریڈی کی ٹی آر ایس میں شمولیت کا امکان

حیدرآباد۔/21اپریل، ( سیاست نیوز) تلگودیشم رکن اسمبلی منچی ریڈی کشن ریڈی توقع ہے کہ اندرون دو یوم ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ ابراہیم پٹنم حلقہ کی نمائندگی کرنے والے منچی ریڈی کشن ریڈی نے گزشتہ دو دن سے حامیوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے ٹی آر ایس میں شمولیت کے بارے میں رائے حاصل کی۔ بتایا جاتا ہے کہ حامیوں سے مشاورت کے بعد انہوں نے برسر اقتدار پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا تاہم چندر شیکھر راؤ ہی شمولیت کی تاریخ کا تعین کرینگے ۔بتایا جاتا ہے کہ کشن ریڈی طویل عرصہ سے ٹی آر ایس قیادت سے ربط میں ہیں اور حالیہ عرصہ میں تلگودیشم سے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے قائدین نے تلگودیشم سے بغاوت کی انہیں ترغیب دی۔ ایم کشن ریڈی حلقہ کی ترقی کے نام پر ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ اسی دوران رکن اسمبلی کے فرزند نے آج چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کے فرزند نارا لوکیش سے ملاقات کی اور اپنے والد کی ٹی آر ایس میں شمولیت سے متعلق اطلاعات پر وضاحت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ کشن ریڈی کے فرزند نے پارٹی سے انحراف کے امکانات کو محض قیاس آرائی قرار دیا ۔ اسی دوران کوکٹ پلی اسمبلی حلقہ کے تلگودیشم رکن اسمبلی کرشنا راؤ نے ٹی آر ایس میں شمولیت کی اطلاعات کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلگودیشم میں برقرار رہیں گے اور محبوب نگر میں این چندرا بابونائیڈو کے مجوزہ دورہ میں شریک ہوں گے۔