نئی دہلی۔ 18ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) دارالحکومت کے گوکل پوری علاقے میں سیلنگ توڑنے کے معاملے میں شمال مشرقی دہلی کے رکن پارلیمان منوج تیواری کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے ۔شمال مشرقی دہلی کے پولیس کے ڈپٹی کمشنر اتل کمار ٹھاکر نے منگل کو بتایا کہ کارپوریشن کی جانب سے ملنے والی تحریری شکایت کی بنیاد پر تعزیرات ہند کی دفعہ 188 اور دہلی میونسپل ایکٹ کی دفعہ (ڈي ایم سي ایکٹ) 462 اور 465 کے تحت گوکل پوري تھانے میں معاملہ درج کیا گیا ہے ۔قبل ازیں شاہدرہ شمالی زون کی جانب سے کی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ گوکل پوري گاؤں کے مکان نمبر 46 کو پولیس کی موجودگی میں غیر قانونی طور پر ڈیری چلانے کی وجہ سے 14 ستمبر کو سیل کیا گیا تھا، جسے کسی نے 16 ستمبر کو توڑ دیا۔ کارپوریشن نے اپنی شکایت میں یہ بھی کہا ہے کہ میڈیا میں آئی رپورٹ میں بتایا جا رہا ہے کہ اس سیل کو مسٹر تیواری نے توڑا ہے ۔ کارپوریشن نے 17 ستمبر کو کی گئی شکایت میں پولیس سے معاملہ درج کرکے تحقیقات کی مانگ کی تھی۔غور طلب ہے کہ اتوار کو مسٹر تیواری اپنے پارلیمانی حلقہ کے گوکل پوري میں ایک سڑک کے سنگ بنیاد کے موقع پر پہنچے تھے ۔ اس دوران مقامی لوگوں نے ایک مکان میں لگی سیل کی شکایت ان سے کی۔ اس کے بعد مسٹر تیواری نے فوری طور پر ہتھوڑا مانگا اور سیل کو توڑ دیا تھا۔