نئی دہلی ، 27 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) اردو اکیڈیمی دہلی نے اردو زبان و ادب اور ثقافت کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو سال 2015 کیلئے آج اپنے ایوارڈ سے نوازا۔ جلسہ کی صدارت لینگویج سکریٹری حکومت دہلی نریندرکمارشرما نے کی۔ اس موقع پرجن شخصیتوں کو ایوارڈ سے نوازا گیا ان میں بر صغیر کے ممتازناظم مشاعرہ،شاعروادیب اور دانشور پروفیسر ملک زادہ منظوراحمد کو( بعد ازمرگ) کل ہند بہادر شاہ ظفر ایوارڈ اور ممتاز ادیب،ناقد،محقق،ماہر اقبالیات اوردہلی یونیورسٹی کے سابق صدر شعبہ اردو پروفیسرعبدالحق (پنڈت برج موہن دتاتریہ کیفی ایوارڈ) شامل ہیں۔یہ دونوں ایوارڈ ڈیڑھ، ڈیڑھ لاکھ روپے نقد ،سند،شال اورمومنٹوپرمشتمل ہیں۔ منظور احمد کا ایوارڈ اُن کے صاحبزادہ ملک زادہ جاوید اور اُن کی بیٹی نے قبول کیا۔ ان کے علاوہ ایوارڈ برائے تحقیق وتنقید ذاکر حسین کالج میں اردو کے استاداورنقاد و ادیب ڈاکٹر خالد علوی کو،ایوارڈ برائے تخلیقی نثرمعروف افسانہ نگاروناول نگار ڈاکٹر جی آر سید کو،ایوارڈ برائے شاعری ممتاز ومعروف شاعر ڈاکٹر تابش مہدی کو،ایوارڈ برائے اردو صحافت معروف صحافی روزنامہ ’خبریں‘ کے چیف ایڈیٹرقاسم سید کو،ایوارڈ برائے ترجمہ انجمن ترقی اردو ہند کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر اطہر فاروقی کو اور ایوارڈ برائے بہترین قوال ہندوستان کے معروف قوال اسلم صابری کودیا گیا۔یہ ایوارڈ پچاس، پچاس ہزارروپے فی کس نقد،شال،سند اور مومنٹو پرمشتمل ہیں۔
اس موقع پر خیر مقدمی کلمات پیش کرتے ہوئے اردو اکیڈیمی دہلی کے وائس چیئرمین ڈاکٹر ماجد دیوبندی نے کہا کہ چیف منسٹر اروند کجریوال اور وزیرثقافت کپل مشرا کی سرپرستی نے ہر قدم پر ہماری حوصلہ افزائی کی ہے ، چیف منسٹر نے اردو اکیڈیمی اور اردو کے فروغ کیلئے جس نیک دلی کا اظہار کیا ہے وہ قابل ستائش ہے ۔ڈاکٹر ماجد دیوبندی نے وزیر فن ،ثقافت،السنہ وسیاحت کپل مشرا کی اردو سے محبت اور ہر محاذ پراردو اکیڈیمی کے تعاون کیلئے ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہرکی کہ آئندہ بھی انکا تعاون اورسرپرستی اکیڈیمی کو حاصل رہے گی جس سے اردو زبان وادب کے فروغ کیلئے ہرممکن قدم اٹھایا جاسکے ۔ ڈاکٹر ماجد نے کہا کہ اردو زبان کو جہاں مذاہب سے جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے وہیں چیف منسٹر دہلی نے اپنے عمل سے یہ ثابت کردیا ہے کہ زبان اس کی ہوتی ہے جو بولتاہے ۔انہوں نے دہلی کے اسکولوں کیلئے 610 اردو اساتذہ کی تقرری کا بل پاس کرانے کیلئے ان کا شکریہ اداکیا۔ مہمان خصوصی کے طور پر وزیر برائے فن ، ثقافت،کپل مشرا کوشریک ہونا تھا مگر علالت کے سبب وہ شریک نہیں ہوسکے ۔ نریندرشرما نے تمام ایوارڈ یافتگان کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کی۔اس جلسہ میں دہلی کی یونیورسٹیوں کے اساتذہ،طلبہ اوراہم شخصیات نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں گورننگ کونسل کے ممبران حاجی ارشاد چودھری، جنا ب مطلوب احمداور طالب رامپوری وغیرہ شریک رہے ۔