نئی دہلی، 27دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار اسکیم (منریگا)کے تحت اس سال ساڑھے چار کروڑ لوگوں کو روزگار ملا اور ایک کروڑ 56 لاکھ تعمیراتی کام کئے گئے ۔ جبکہ وزیر اعظم دیہی سڑک منصوبہ کے تحت 17333 کلومیٹر سڑکیں بنائی گئیں اور آئندہ مارچ تک ملک کی تمام بستیوں کو سڑکوں سے جوڑنے کا منصوبہ ہے ۔ ‘ سانسد آدرش گرام یوجنا’ کے تحت اس سال 1241 گرام پنچایتوں کو گود لیا گیا اور 19 ہزار 951 منصوبوں کو مکمل کرایاگیا۔منریگا کے تحت اس سال خواتین کو 54 فیصد روزگار ملا جبکہ انہیں کم از کم 33 فیصد روزگار دینے کا التزام تھا۔ اس نقطہ نظر سے 21 فیصد زیادہ خواتین کو روزگار ملا۔ منریگا کی 96 فیصد ادائیگی آن لائن ہونے لگی ہے ۔ اس سال منریگا کی ایک خاصیت یہ رہی کہ قدرتی وسائل کے انتظام پر 60 فیصد رقم خرچ کی گئی ۔ سال کے دوران تین لاکھ سات ہزار تالاب بنائے گئے اور کمپوسٹ کھاد کیلئے ایک لاکھ 55 ہزار گڑھے کھودے گئے ۔