منریگا کے تحت کام حاصل کرنے آدھار کارڈ لازمی نہیں

نئی دہلی، 6 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دیہی ترقیات کے مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر نے آج راجیہ سبھا میں واضح کیا کہ منریگا کے تحت کام حاصل کرنے کیلئے آدھار کارڈ کو لازمی نہیں بنایا گیا ہے لیکن منریگا کو آدھار کارڈ سے جوڑنے کی آخری تاریخ 31مارچ مقرر کی گئی ہے اور ضرورت پڑنے پر اس تاریخ میں توسیع بھی ممکن ہے ۔ تومر نے وقفہ سوالات کے دوران کمیونسٹ پارٹی کے ڈی راجہ کے سوال کے جواب میں یہ بات کہی ۔انہوں نے کہا کہ اس سال 3 جنوری کو دیہی ترقیات کی وزارت نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرکے یہ ہدایت دی ہیکہ منریگا کے تحت جس شخص نے اب تک اپنا آدھار کارڈ نہیں بنوایا ہے ، اسے 31 مارچ 2017 تک آدھار کیلئے درخواست دینی ہوگی لیکن ریاستی حکومت اگر درخواست کرے گی تو اس تاریخ میں توسیع بھی کی جاسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ منریگا میں شفافیت لانے اور ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے اسے لازمی نہیں بنایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ منریگا کے بجٹ میں اس مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے ۔اس سے قبل دیہی ترقیات کے وزیر مملکت رام کرپال یادو نے ڈی راجہ کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک کسی ریاست نے یہ شکایت نہیں کی ہے کہ آدھار کارڈ کی غیر موجودگی میں کسی کو منریگا کے تحت کام سے محروم رکھا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص اس بنیاد پر کام نہ پانے کی شکایت کرتا ہے تو حکومت کارروائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ منریگا کے 80فیصد مزدوروں نے اپنی مرضی سے ہی آدھار کارڈ بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کے احکامات کا احترام کرتی ہے اور اس نے آدھار کارڈ کو لازمی نہیں بنایا ہے ۔