سنگباری اور چپل پھینکنے کے بعد کانگریس ، ٹی آر ایس کارکنوں میں تصادم
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مئی : ( این ایس ایس ) : کانگریس باغی و منحرف رکن اسمبلی ہری پریہ نائیک کو ضلع کھمم میں آج ٹی آر ایس امیدواروں کی مہم کے دوران تلخ تجربات کا سامنا کرنا پڑا ۔ حلقہ اسمبلی یلندو سے کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہری پریہ نائیک حال ہی میں انحراف کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شامل ہوئی تھیں ۔ جس پر کانگریس کے برہم حامیوں نے کامیپلی منڈل کے ایک گاؤں میں ان کی کار پر سنگباری کی ۔ اس گاؤں کے ایک دوسرے مقام پر بعض افراد نے چپل پھینکتے ہوئے فی الفور واپس ہوجانے کا مطالبہ کیا ۔ اس ناشائستہ حرکت کے بعد ٹی آر ایس لیڈر کے حامی بھی برہم ہوگئے اور حملہ آوروں سے متصادم ہوگئے ۔ جس میں دونوں پارٹیوں کے چند کارکن زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے مزید گڑبڑ کے اندیشے محسوس کرتے ہوئے رکن اسمبلی ہری پریہ کو فی الفور گاؤں سے واپس چلے جانے کا مشورہ دیا ۔اس واقعہ کے بعد علاقے میں زبردست کشیدگی پائی گئی ۔ ۔