حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( این ایس ایس) : تلنگانہ قانون ساز کونسل میں کانگریس کے فلور لیڈر ڈی سرینواس نے صدر نشین این ودیا ساگر راؤ سے درخواست کی ہے کہ ان کی پارٹی سے انحراف کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے پانچ ارکان کونسل کو نااہل قرار دیا جائے ۔ مسٹر سرینواس نے اپنی پارٹی کے قائدین مسرز پربھاکر راو ، بی وینکٹ راو اور رنگا ریڈی کے ساتھ تلنگانہ مقننہ کے سکریٹری ڈاکٹر راجہ سوارام سے ملاقات کی اور پانچ ارکان کے آر آموس ، بھانو پرساد ، راجہ لنگم ، بھوپال ریڈی اور جگدیشور ریڈی کو نا اہل قرار دینے کی درخواست کی ۔ ڈی سرینواس نے کہا کہ صدر نشین کی یہ دستوری ذمہ داری ہے کہ وہ غیر جانبدارانہ انداز میں کام کریں اور حتی کہ عدالتیں بھی صدر نشین کے اقدام کو چیلنج نہیں کرسکتیں ۔۔