مناسک حج کا 2 ؍اکٹوبر سے آغاز

مکہ معظمہ ۔ /28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مناسک حج کا /2 اکٹوبر جمعرات سے آغاز ہوگا ۔ /3 اکٹوبر کو حج اکبر کے ساتھ ہی لاکھوں مسلمان فریضہ حج کی سعادت سے سرفراز ہوں گے ۔ گورنر مکہ میشل بن عبداللہ نے کہا کہ اللہ کے مہمانوں کیلئے حکومت سعودی عرب نے وسیع تر انتظامات کرلئے ہیں ۔ اقطاع عالم سے آنے والے عازمین حج خیموں کے شہر وادی منیٰ جمعرات کے دن کوچ کریں گے جس کے ساتھ ہی 5 روزہ مناسک حج کا آغاز ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ حج کے دوران سلامتی اور سہولتوں کا خاص خیال رکھا گیا ہے ۔ جاریہ سال عوام میں بیداری مہم کے ساتھ حج پرمٹ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ غیرقانونی طور پر مناسک حج کیلئے آنے والوں کا پتہ چلایا جاسکے ۔ امام کعبہ عبدالرحمن السدیس نے بتایا کہ حرم شریف میں عازمین کیلئے پرسکون ماحول بنانے اور صاف ستھرا نظم و نسق برقرار رکھنے کیلئے خواتین کے بشمول 15 ہزار ورکرس کو مامور کیا گیا ہے ۔ حج کے دوران 8 ائمہ کرام کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے جن میں مقدس مقامات کے مساجد مسجد الکیف ، مسجد الحجاج البار وادی منیٰ اور میدان عرفات میں مسجد نمرا اور مزدلفہ میں مسجد المزدلفہ شامل ہیں ۔ 8 مؤذنوں کا تقرر بھی کیا گیا ہے ۔ مکہ معظمہ کے میئر اسامہ البار نے کہا کہ تمام تیاریاں پوری کرلی گئی ہیں ۔ حجاج کرام کو تیز تر سرویس اور شاندار خدمات فراہم کرنے کو یقینی بنایا گیا ہے اس کیلئے زائد از 23 ہزار ورکرس تعینات ہیں ۔ 14 ہزار ورکرس جاروب کشی کریں گے ۔ 100 احتیاطی اقدامات کی خدمات انجام دینے والی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ 2850 بستروں کے ساتھ 15 دواخانے قائم کئے گئے ہیں ۔ مکہ معظمہ میں 129 ہیلت پرائمری کیر سنٹرس بھی قائم ہیں ۔ مکہ معظمہ میں اس وقت 160 ملکوں سے آنے والے عازمین حج عبادات ذکر و اذکار میں مصروف ہیں ۔ وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نائف جو سپریم حج کمیٹی کے چیرمین بھی ہیں نے مقدمہ مقامات کا دورہ کیا اور حج سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔ 70 ہزار سکیورٹی ملازمین کو عازمین کی سلامتی اور حفاظت کیلئے تعینات کیا گیا ہے ۔