نئی دہلی ۔5 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) مملکتی وزیر خارجہ مسٹر وی کے سنگھ آج سعودی عرب کے ہنگامی دورہ پر روانہ ہوں گے تاکہ گزشتہ ماہ حج کے دوران بھگدڑ میں زخمی اور لاپتہ ہندوستانیوں کا پتہ چلانے کیلئے حکام کے ساتھ تال میل قائم کیا جاسکے ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے مسٹر وی کے سنگھ کو ہدایت دی ہے کہ فی الفور سعودی کیلئے روانہ ہوجائیں جبکہ سعودی حکومت نے ہندوستان کو مطع کیا کہ ہر ایک ملک سے ان کے مہلوک یا لاپتہ شہریوں کے بارے میں فرداً فرداً معلومات حاصل کی جارہی ہے ۔ مملکتی وزیر خارجہ مقامی حکام سے رابطہ قائم کرکے اس خصوص میں قونصل جنرل کی جاریہ کوششوں کو بارآور بنائیں گے ۔ وزیر خارجہ نے کل اپنے ٹوئٹر پر بتایا تھا کہ حج کے موقع پر بھگدڑ میں 52ہندوستانی جاں بحق اور دیگر 78 ہنوز لاپتہ ہے ۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومت ان افراد کا پتہ چلانے کی ممکنہ کوشش کرے گی ۔