ممبئی کے ڈبے والوں کی عالمی صحت تنظیم کے ساتھ انوکھی مہم

ممبئی۔/8اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) عروس البلاد ممبئی کے سرکاری و غیر سرکاری دفاتر میں لنچ باکس پہنچانے والے مشہور و معروف ’’ ڈبے والوں ‘‘ کی تنظیم اب عالمی صحت تنظیم(WHO) کے ساتھ ملیریا اور ڈینگو جیسی بیماری کے پھیلنے سے متعلق بیداری مہم چلانے شراکت داری کی ہے۔ نوتن ممبئی ٹفن باکس سپلائرس چیاریٹی ٹرسٹ کے سابق صدر رگھوناتھ ہیگڑے نے کہاکہ اس جانب پیشرفت کرتے ہوئے جس کا سلسلہ کل سے شروع ہوا ہے، ڈبے والے اپنے لنچ باکس پہنچاتے وقت عالمی صحت تنظیم (WHO)کے ذریعہ تیار کئے گئے خصوصی علامتیں (tags)بھی سربراہ کئے گئے جن میں مندرجہ بالا بیماریوں کی روک تھام اور ان کے پھیلنے کی وجوہات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے۔

جھڑپ کے بعد حکم امتناعی کا نفاذ
ایٹا نگر۔/8اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام) ارونا چل پردیش کے بودر سبانسری ڈسٹرکٹ میں این سی پی اور کانگریس حامیوں کے درمیان ہوئی جھڑپ کے بعد حکام نے اس علاقے میں امتناعی احکامات نافذ کردیئے ہیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ جھڑپ کے بعد پولیس کی زائد جمعیت کو تعینات کیا گیا ہے۔ جھڑپ میں کئی افراد زخمی ہوگئے تھے۔ دریں اثناء قیام امن کیلئے ڈسٹرکٹ الکٹورل آفیسر نے آج صبح مختلف سیاسی جماعتوں کے الیکشن ایجنٹس کاایک اجلاس منعقد کیا۔یاد رہے کہ ارونا چل پردیش میں دو لوک سبھا نشستوں اور ریاستی اسمبلی کی 49نشستوں کیلئے کل بیک وقت رائے دہی ہوگی۔