ممبئی کے پولیس اسٹیشن میں ماڈل کی عصمت ریزی 3 پولیس ملازمین معطل اور 2 عہدیداروں کا تبادلہ

ممبئی ۔ 28 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ایک ماڈل کی عصمت ریزی اور بھاری رقم چھین لینے کے الزام میں 3 پولیس ملازمین کو معطل کردیا گیا جب کہ اس کیس کی تحقیقات میں تساہل برتنے پر 2 عہدیداروں کا تبادلہ کردیا گیا ۔ ایک سینئیر پولیس آفیسر نے بتایا کہ ممبئی کے مضافات میں MIDC پولیس اسٹیشن سے وابستہ ملازمین سنیل کاپٹے ، سریش سوریہ ونشی اور یوگیش پونڈے کو معطل کردیا گیا ہے ۔ عصمت ریزی اور زبردستی رقم چھین لینے کے کیس میں گرفتار 8 افراد میں 3 پولیس ملازمین بھی شامل تھے اور تمام ملزمین 29 اپریل تک پولیس کی حراست میں رہیں گے ۔ جب کہ اس کیس کی تحقیقات میں نا اہل ثابت ہونے پر سینئیر انسپکٹر سکی ناکہ پولیس اسٹیشن پر سنامورے اور زونل ڈی سی پی پرشانت ہولکر کا تبادلہ کردیا گیا ۔ ایک 29 سالہ ماڈل عصمت ریزی کا شکار ہوئے کے بعد شکایت درج کروانے سکینا کہ پولیس اسٹیشن سے رجوع ہوئی تھی جہاں پر کیس کی تحقیقات بے ڈھنگے طریقہ سے کی گئی تھی ۔ جس کی ذمہ داری عہدیداروں پر بھی عائد ہوتی ہے ۔ متاثرہ ماڈل نے اپنی شکایت میں یہ الزام عائد کیا تھا کہ جاریہ ماہ کے اوائل میں MIDC پولیس اسٹیشن میں پولیس اہلکاروں نے عصمت ریزی کی تھی اور 4 لاکھ روپئے چھین لیے تھے ۔۔