ممبئی کے طالب علم کی ناقابل تسخیر 1009 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز

ممبئی ۔5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں ایک سکول کے طالب علم نے کرکٹ میچ میں ایک ہزار رنز کی اننگز کھیل کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔کے سی گاندھی اسکول سے تعلق رکھنے والے پرنوو دھنیواد نے یہ ریکارڈ ایچ ٹی بھنڈاری کپ انٹر اسکول ٹورنمنٹ کے دوران آریا گوروکل اسکول کے خلاف کھیلتے ہوئے بنایا ہے۔ پرنوو نے اپنی دو روزہ اننگز کے دوران پیر کو ہی آرتھر کولنز کا 1899 میں بنایا گیا 628 رنز کا ریکارڈ توڑا تھا۔ منگل کو بھی ان کی اننگز جاری رہی اور وہ ایک ہزار رن بنانے میں کامیاب ہوگئے۔اس ریکارڈ ساز اننگز کی بدولت ان کی ٹیم نے 1465 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ پرنوو نے ناقابل تسخیر 1009 رنز صرف 323 گیندوں پر بنایا اور ان کی اننگز 59 چھکوں اور 127 چوکوں پر مشتمل تھی۔اس اننگز کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرنوو نے کہا ہے کہ جب میں نے کھیلنا شروع کیا تو ریکارڈ توڑنے کی بات میرے ذہن میں نہیں تھی۔ میں تو بس اپنے انداز سے کھیلتا رہا جو کہ آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنانا ہے۔خیال رہے کہ ممبئی میں اسکول کرکٹ نے ملک کو سچن تندولکر، ونود کامبلی اور روہت شرما جیسے کھلاڑی دیے ہیں۔ پرنوو دھنیواد کی اس اننگز پر سوشل میڈیا پر بھی بہت دلچسپی دکھائی جا رہی ہے اور اس وقت ہندوستان  میں ٹوئٹر پر یہ ٹاپ ٹرینڈ ہے۔

سچن اور ہربھجن کی مبارکباد
نئی دہلی۔ ہندوستانی کرکٹ کے سابق ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر نے ممبئی سے تعلق رکھنے والے نوجوان بیٹسمین پرنوو دھنواد کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ سخت محنت کے بعد انہوں نے یہ نتیجہ حاصل کیا ہے۔ اپنے ٹوئٹ میں سچن تنڈولکر نے انہیں نئی بلندیوں کو چھونے کی تمناؤں کا بھی اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں ہندوستانی سینئر آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے بھی پرنوو کی دل کھول کر ستائش کی اور ٹوئٹ میں کہا کہ شاندار کارکردگی رہی۔ کس سطح پر یہ کرکٹ کھیلی گئی، وہ اہمیت کی حامل نہیں لیکن اعداد و شمار ناقابل یقین ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ایک اور سچن تنڈولکر بین الاقوامی کرکٹ میں داخلے کیلئے دستک دے رہا ہے۔ آٹو ڈرائیور کا بیٹا پرانوو اب کسی بھی طرز کی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام رکھتے ہیں جیسا کہ گزشتہ ریکارڈ برطانیہ میں 1899ء کو کلارک ہاؤز کی نمائندگی کرتے ہوئے اے ای جی کولنس نے بنایا تھا جنہوں نے ناقابل تسخیر 628 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔