ممبئی ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی میں پولیس نے اسرائیل کے ایک 23 سالہ شہری کے خلاف یہاں کی ایک مقامی ہوٹل میں گذشتہ سال اس کی گرل فرینڈ کی موت کے ضمن میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ اوریرون یعکوف کے خلاف غیرارادی طور پر ہلاکت سے متعلق دفعات ایک مقدمہ درج کرلیا کیونکہ فارنسک رپورٹ سے یہ توثیق ہوگئی ہے اس کی 20 سالہ گرل فرینڈ جو خود بھی اسرائیلی شہری تھی، جنسی مباشرت کے دوران دم گھٹنے کے سبب فوت ہوئی تھی۔ یہ واقعہ گذشتہ سال مارچ میں پیش آیا تھا جب یعکوف اور اس لڑکی نے تفریحی ویزا پر ہندوستان کے سفر کے دوران جنوبی ممبئی کے علاقہ قلابہ کی ایک ہوٹل میں قیام کیا تھا۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ فارنسک رپورٹ سے پتہ چلا ہیکہ یعکوف نے ہوٹل کے کمرہ میں اپنی محبوبہ کے ساتھ جنسی مباشرت کے دوران گردن پر دباؤ ڈالا تھا جس کے نتیجہ میں لڑکی کا دم گھٹ گیا تھا۔ بعدازاں یعکوف نے ہوٹل اسٹاف کو مطلع کیا تھا کہ اس کی ساتھی سکتہ کی حالت میں پڑی ہے جس پر پولیس بھی ہوٹل پہنچ گئی تھی اور لڑکی کو دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بعد معائنہ مردہ قرار دیا تھا۔ موت کی اصل وجہ کا علم نہ ہونے کی بنیاد پر حادثاتی موت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ لڑکی کے ارکان خاندان وہاں پہنچ کر نعش کو اپنے ساتھ اسرائیل لے گئے تھے لیکن حال ہی میں فارنسک رپورٹ موصول ہونے کے بعد متوفی لڑکی کے بوائے فرینڈ کے خلاف یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے جو فی الحال اسرائیل میں ہے۔