ناگپور 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے آج کہا ہے کہ ممبئی کو مہاراشٹرا سے کبھی الگ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی زیر قیادت ممبئی کیلئے کمیٹی کی تجویز شہر کی تیز رفتار ترقی کے مقصد سے پیش کی گئی تھی ۔ انہو ںنے گورنر سی ایچ ودیا ساگر راو کے دونوں ایوان سے مشترکہ خطاب پر تحریک تشکر پر مباحث کے دوران کہا کہ زمین پر کوئی طاقت ممبئی کو مہاراشٹرا سے الگ نہیں کرسکتی۔ فرنویس نے کہا کہ مرکزی حکومت کے پاس کئی انفراسٹرکچر پراجکٹس زیر تصفیہ ہیں اور ان کی عاجلانہ منظوری ضروری ہے ۔ ان پراجکٹس میں ریلویز ،ہاوزنگ اور انفراسٹرکچر شامل ہیں ۔ اگر وزیر اعظم کو کمیٹی کا صدر نشین بنایا جائے تو زیر تصفیہ پراجکٹس کو جلد منظوری مل سکتی ہے ۔ چند دن قبل فرنویس نے کہا تھا کہ ممبئی ہندوستان کا تجارتی دارالحکومت ہے اور جب تک اس شہر کو ترقی نہیں دی جاتی ملک کی ترقی کا کوئی امکان نہیں۔