ممبئی میں گنیش وسرجن کا پُرامن اختتام

ممبئی 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ملک کے مختلف گوشوں سے ملنے والی خبر کے مطابق جاریہ سال گنیش چتورتھی کا دس روزہ طویل تہوار ’’وسرجن‘‘ کے ساتھ بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوا ۔ ملک کی تجارتی راجدھانی ممبئی میں گرگام چوپاٹی اور جوہو چوپاٹی کے علاوہ دیگر آبی ذخائر میں بھی گنیش کی مورتیوں کا وسرجن کیا گیا ۔ اس موقع پر چونکہ حکومت نے پیر کے روز عام تعطیل کا اعلان کیا تھااس لئے ٹریفک جام کی مشکلات نے عوام کوپریشان نہیں کیا ۔ البتہ حفاظتی انتظامات موثر انداز میں کئے گئے تھے جس کی وجہ سے جاریہ سال وسرجن کے دوران کہیں سے ہلاکتوں کی کوئی خبر نہیں ہے جبکہ کچھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

تیز موسیقی پر جھڑپ ،پانچ زخمی
بھرت پور 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)تیز آواز میں موسیقی بجانے پر ہوئی ایک جھڑپ کے دوران پانچ افراد زخمی ہوگئے ۔ یہ واقعہ موضع سونہاری میں کل رات پیش آیا جہاں دو خاندان جو ایک دوسرے کے پڑوس میں ہی آباد تھے، ایک دوسرے سے تیز آواز میں موسیقی بجانے پر متصادم ہوگئے ۔ دریں اثناء SHOکمن کیر سنگھ نے بتایا کہ جُگلا ٹھاکر نامی شخص کے افراد خاندان تیز آواز کے ساتھ موسیقی بجا رہے تھے جس پر اُن کے پڑوسی مدن نے اعتراض کیا۔ جب بار بار سمجھانے کے باوجود موسیقی کی آواز کم نہیں کی گئی تو مدن کے افراد خاندان نے ٹھاکر کے مکان پر سنگ باری شروع کردی جس میں دونوں خاندانوں کے پانچ افراد زخمی ہوگئے ۔