ممبئی میں ’’مردوں کی نس بندی ‘‘ مہم کا زبردست ردعمل

صرف ایک مہینہ میں 520مردوں نے نس بندی کرائی : ڈاکٹر پدمیا کیسکر
ممبئی ۔28ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مردوں کی نس بندی کے حوالے سے چلائے جارہے مہم کا زبردست ردعمل سامنے آرہا ہے جیسا کہ محض ایک مہینہ میں 520 مردوں نے نس بندی کرائی ۔ شہری مراکز صحت کے عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ رپورٹ کے مطابق پچھلے 11مہینے جنوری تا نومبر صرف 390 مردوں نے نس بندی کرانے پر رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے اس عمل کو اختیار کیا تھا ۔ مگر جاریہ ماہ صرف ایک مہینہ میں 590 افراد نے اپنی نس بندی کرائی ہے جو کہ اپنے آپ میں ایک حوصلہ افزاء ردعمل ہے ۔ واضح رہے کہ شہرکے مجلس بلدیہ کی جانب سے اس حوالے سے 21 نومبر کو ایک خصوصی مہم چلائی تھی کہ ایک ہفتہ تک مردوں کی نس بندی کی جائے گی ۔ تاہم شہر کے مرد حضرات کی جانب سے مثبت اور زبردست ردعمل کا اظہار کئے جانے کے بعد اس مہم کو دو ہفتوں تک توسیع دی گئی ہے ۔ مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کو حاصل ہونے والی مزید درخواستوں کے بعد اس مہم کو متواتر جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بی ایم سی کے ایگزیکٹیو ہیلت آفیسر ڈاکٹر پدمیا کیسکر نے بتایا کہ نس بندی کے حوالے سے چلائی گئی مہم کے بعد پچھلے 11مہینے میں ہمیں جو کامیابی حاصل نہیں ہوپائی تھی وہ ہم نے صرف ایک مہینہ میں حاصل کرلیا ہے جس سے حوصلہ پاکر اس مہم کو مزید کچھ ماہ تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 520 افراد نے خود سے آگے آتے ہوئے بی ایم سی کے فیصلہ کی حمایت کی ہے جس کے بعد ہم نے اس کام کیلئے اپنے دروازے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اچانک ہونے والے اس اضافہ کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بار محکمہ صحت کے تمام چھوٹے بڑے عہدیداروں نے اس حوالے سے مہم چلائی ہے جس کی وجہ سے انہیں کامیابی ملی ہے ۔