ممبئی میں عام آدمی پارٹی آفس پر حملہ

ممبئی۔ /22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے نیم مضافاتی علاقہ اندھیری میں عام آدمی پارٹی کے دفتر میں آج 20 تا 25 افراد کے ایک گروپ نے مبینہ طور پر توڑ پھوڑ کی اور اس پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی کارستانی ہوسکتی ہے ۔ عام آدمی پارٹی نے ٹوئٹر پر پیغام دیا کہ ’’ آپ مہاراشٹرا آفس پر این سی پی کے غنڈوں نے حملہ کیا ‘‘۔ عام آدمی پارٹی (آپ) کے ایک کارکن پرتیوش کے مطابق گڑبڑ کرنے والے اشرار اندھیری کے جکالا میں واقع آفس کی دوسری منزل میں گھس گئے اور آپ کے لیڈر اروند کجریوال کے پوسٹرس کو پھاڑ ردیا ۔ دیگر کئی پوسٹرس نذر آتش کئے گئے ۔ اس نے کہا کہ اشرار نے دفتر میں ہر طرف سیاہی پھینک دی ۔ پارٹی کے بیانرس کو نقصان پہونچایا گیا ۔ پرتیوش نے کہا کہ حملہ آوروں نے آپ کے خلاف نعرہ بازی اورکارکنوں کے خلاف گالی گلوج کی ۔ بعد ازاں پولیس نے حملہ آوروں کو بھگادیا ۔

مظفر نگر فسادات افسوسناک : اکھلیش
لکھنؤ ۔ 22 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو نے گذشتہ سال مظفر نگر فسادات کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ ان کی حکومت نے ان پر قابو پانے فوری اقدامات کئے اور فوج طلب کرنے میں تاخیر نہیں کی ۔ مسلم دانشوروں کے سمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے متاثرین کی ہر ممکن مدد کی ۔ انہیں روزگار فراہم کیا گیا ۔ قومی انسانی حقوق کمیشن نے حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔۔