ممبئی۔/28جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) یوں تو ممبئی میں سردی کا موسم کب آتا ہے اور کب جاتا ہے وہاں کی مصروف ترین زندگی میں اس کا احساس تک نہیں ہوتا۔ممبئی کو یوں تو تجارتی دارالخلافہ کہا جاتا ہے لیکن گرم کپڑوں کی تجارت، ممبئی میںNil کہی جائے تو بہتر ہوگا کیونکہ وہاں سوئٹر، مفلر اور دیگر گرم ملبوسات پہننے کی توبت ہی نہیں آتی۔ بہرحال گذشتہ کچھ دن سے یہاں سخت گرمی پڑ رہی ہے۔ حالانکہ محکمہ موسمیات نے فی الحال اس کی کوئی پیش قیاسی نہیں کی ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے برخلاف گزشتہ ہفتہ ممبئی میں بارش بھی ہوئی تھی جس نے ممبئی کے لوگوں کو چونکا دیا لیکن ساتھ ہی ساتھ شدید گرمی سے راحت بھی پہنچائی۔ تازہ ترین پیش قیاسی کے مطابق آئندہ کچھ دنوں تک موسم خشک رہے گا اور اس کے بعد معتدل تا شدید گرمی ہوگی۔
معطل شدہ پروفیسر کو جیل بھیج دیا گیا
علیگڑھ۔/28جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے محکمہ قانون کے معطل شدہ صدر نشین کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد انہیں جیل بھیج دیا گیا۔ پروفیسر ایم شبیر کی درخواست ضمانت کو ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ ونئے کمار نے کل مسترد کردیا تھا اور آج اس معاملہ کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کے اجلاس پر پیش کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ ڈسمبر کے اوائل میں ایک طالبہ نے الزام عائد کیا تھا کہ پروفیسر نے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کی کوشش کی ۔ حالانکہ چار ہفتوں تک پروفیسر گرفتاری سے کسی نہ کسی طرح بچتے رہے لیکن اس کے بعد حیرت انگیز طور پر انہوں نے خود کو عدالت کے سپرد کردیا اور عبوری ضمانت منظور کئے جانے کی درخواست بھی پیش کی۔