ممبئی طرز کے حملوں کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا

برطانیہ کا انکشاف ۔ دہشت گردی سے نمٹنے سخت کارروائی کا اعلان
لندن 24 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت برطانیہ نے آج انکشاف کیا کہ اس نے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے طرز کے ایک حملہ کے منصوبہ کو ناکام بنادیا ہے ۔ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ دہشت گردی سے نمٹنے سخت اقدامات کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ برطانیہ کے وزیر داخلہ تھیریسا مے نے کہا کہ 2005 میں 7 جولائی کو ہوئے حملوں کے بعد سے دہشت گردانہ حملوں کے تقریبا 40 منصوبوں کو ناکام بنادیا گیا ہے ۔ ان میں لندن کی سڑکوں پر دھماکے ‘ لندن اسٹاک ایکسچینج کو دھماکہ سے اڑانا ‘ ایک طیارہ میں دھماکہ کرنا ‘ ایک برطانوی سفیر کا قتل کرنا اور ہماری مسلح افواج کے ارکان کو قتل کرنے جیسے منصوبے شامل تھے ۔ ہوم سکریٹری نے کہا کہ برطانیہ کو امریکہ میں ہوئے ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے حملوں کے بعد سے خطرہ بڑھ گیا ہے اور خاص طور پر داعش کے عروج کے نتیجہ میں اندرون ملک کے تخریب کاروں کے حوصلے بلند ہوگئے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ انسداد دہشت گردی کے عہدیداروں نے تقریبا 753 افراد کو مئی 2010 کے بعد سے گرفتار کیا ہے جس کے نتیجہ میں 138 دہشت گردوں کو جیل بھیج دیا گیا ہے اور 13 افراد کو ملک بدر کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے لندن میں انسداد دہشت گردی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب سکیوریٹی کو سخت کرنے کیلئے وقت درست ہے ۔