ممبئی شہر پر حکومت کا راست کنٹرول رکھا جائے

ممبئی ۔ 9 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : شیوسینا نے آج چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس کو ان کی اس تجویز پر متنبہ کیا ہے کہ ممبئی کی ترقی پر ایک اعلی اختیاری کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور کہا ہے کہ صرف حکومت ہی شہر پر کنٹرول رکھے ۔ شیوسینا کے ترجمان سامنا کے اداریہ میں بتایا گیا ہے کہ اس میں دورائے نہیں ہے کہ ممبئی کی ترقی ہونی چاہئے لیکن اس بات کو یقینی بنایا جائے بیماری سے زیادہ علاج کہیں خطرناک ثابت نہ ہو ۔ شیوسینا کا یہ ایقان ہے کہ ممبئی کو مہاراشٹرا سے علحدہ نہیں رکھنا چاہئے اور شہر پر مکمل کنٹرول حکومت کا رہنا چاہئے ۔ وزیر اعظم ممبئی پر خصوصی توجہ دیں گے تو ان پر اقرباء پروری کا الزام عائد کیا جائے گا ۔

اور اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا یہ موقع حاصل ہوجائے گاچونکہ بڑے صنعتکار بی جے پی سے قریب ہے جس کے باعث وزیر اعظم نے شہر کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے ۔ شیوسینا نے کہا کہ ریاست کے دیگر شہروں کو بھی ممبئی کی طرح عالمی درجہ کے شہر بنائے جائیں اور صرف ممبئی پر ہی توجہ مرکوز نہ کی جائے ناگپور مہاراشٹرا کا دوسرا دارالحکومت ہے اور علاقہ ودربھا میں ترقی اور صنعتوں کے فروغ کی ضرورت ہے ۔ واضح رہے کہ منصوبہ بندی کمیشن کے متبادل پر وزیر اعظم نریندر مودی نے حال ہی میں ایک اعلی سطحی اجلاس نئی دہلی میں طلب کیا تھا جس میں چیف منسٹر دیویندر فڈنویس سے یہ تجویز پیش کی اور شہر ممبئی کی ترقی پر ایک اعلی اختیاری کمیٹی تشکیل دی جائے چونکہ ممبئی شہر ہندوستان کا تجارتی دارالحکومت ہے جب تک ممبئی کو ترقی نہیں دی جاتی اس وقت تک ملک کی ترقی کے لیے راہ ہموار نہیں ہوسکتی ۔ جس کے پیش نظر ریاستی اور مرکزی اداروں کے درمیان موثر تال میل پیدا کیا جائے اور اس صورت میں وزیر اعظم کی زیر قیادت ممبئی ڈیولپمنٹ کمیٹی تشکیل دی جائے ۔۔