ممبئی ۔ 8 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : شہر میں ایک اسمگلر کی گرفتاری اور 9 کروڑ روپئے مالیتی سرخ صندل ضبط کرلینے کے بعد پولیس نے اسے عدالتی تحویل میں دیدیا ۔ میٹرو پالیٹن مجسٹریٹ کورٹ ایسپلینڈ نے بدنام زمانہ اسمگلر محمد علی ابوبکر شیخ کو19 دسمبر تک جوڈیشیل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ۔ اسے عدالت میں پیش کرتے ہی وکیل دفاع طارق سید نے مجسٹریٹ کو بتایا کہ سیشن کورٹ سے گرفتاری سے حفاظت کے لیے اجازت حاصل کرلی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ابوبکر نے گرفتاری سے قبل ہی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری داخل کی تھی ۔ سیشن کورٹ نے منگل تک عرضی پر سماعت کو ملتوی کردیا اور آئندہ سماعت تک ان کی گرفتاری پر روک لگادی تھی ۔ تاہم مجسٹریٹ نے ابوبکر سے کہا کہ سیشن کورٹ کی ہدایت کے مطابق ضوابط کی تکمیل کرلیں ۔ جس کے بعد ہی انہیں رہا کیا جائے گا ۔ قبل ازیں ساحلی محافظین اور ڈائرکٹریٹ آف ریونیو انٹلی جنس نے جمعہ کے دن مشترکہ کارروائی میں 23 ٹن سرخ صندل ضبط کرلی تھی جب سمندر کے راستہ دوبئی اسمگلنگ کی کوشش کی جارہی تھی ۔ بحری جہاز ایم وی گنگا ساگر کے ذریعہ 23 ٹن سرخ صندل ممبئی سے بندرگاہ المرون کے لیے منتقل کی جارہی تھی ۔