ممبئی ۔ 18 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) بامبے ہائی کورٹ نے آج مرکزی حکومت سے کہا ہے کہ وہ مفاد عامہ کی درخواست جس میں یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ مختلف ایجنسیوں سے تعلق رکھنے والے بہادر افسران کو اشوک چکر اور بہادری کے دیگر انعامات عطا کئے جائیں جنہوں نے ممبئی حملوں میں دہشت گردوں کا جرأت مندانہ سامنا کیا اور اپنی جان کی قربانی دی ۔ بامبے ہائی کورٹ نے اس سلسلہ میں حکومت سے ایک حلف نامہ داخل کرنے کی خواہش کی ہے ۔ جسٹس پی وی ہرداس پر مشتمل ایک بنچ نے حکومت کو حلف نامہ داخل کرنے کیلئے دو ہفتوں کی مہلت دی ہے جبکہ مفاد عامہ کی درخواست سماجی کارکن کیتن تروڈکر نے داخل کی ہے ۔ بامبے ہائی کورٹ نے اس معاملہ کی سماعت کیلئے آئندہ تاریخ 2 جولائی مقرر کی ہے ۔ یاد رہے کہ 26 نومبر 2008 ء کو ممبئی پر ہوئے دہشت گرد حملے میں جس آفیسر کی جان نثاری نے عالمی شہرت حاصل کی تھی ان کا نام ہیمنت کرکرے تھا ، اس کے علاوہ وجئے سالسکر کا نام بھی زبان زد خاص و عام تھا۔ اب یہ مطالبہ کسی حد تک جائز ہے اس کا نتیجہ 2 جولائی کے روز سامنے آجائے گا ۔