ممبئی حملہ کیس میں تین گواہوں کا عدالت میں بیان

لاہور ، 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) استغاثہ کے تین گواہوں نے آج انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کے روبرو یہاں حلفیہ بیان دیتے ہوئے سندھ میں بینک لین دین اور ایک جماعت الدعوہ مرکز کی موجودگی کی تصدیق کی ہے ۔ یہ عدالت 2008 کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے کیس کا ٹرائیل منعقد کررہی ہے ۔ ان گواہوں نے دو ملزمین کی شناخت بھی کی ۔ استغاثہ کے وکلاء نے تین گواہوں کو پیش کیا اور چار دیگر سے دستبرداری اختیار کرلی۔ اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی عدالت کے ایک ذریعہ نے کہا کہ پراسکیوشن نے ایک اسکول ٹیچر عمران بابر ، ایک بینک عہدیدار اور سندھ کے بدین میں واقع جماعت الدعوہ مرکز کے ایک سکیورٹی گارڈ کو گواہوں کے طورپر پیش کیا۔ صوبہ پنجاب کے ضلع ملتان سے تعلق رکھنے والے ٹیچر نے بابر کا اسکول ریکارڈ پیش کیا جو اُن 10 حملہ آوروں میں سے ہے جنھوں نے نومبر 2008 ء میں ممبئی میں پیش آئے واقعہ میں حصہ لیا تھا ۔ پیراملٹری فورس کے ساتھ اُس موقع پر شوٹ آؤٹ میں 9 دیگر حملہ آور ہلاک ہوگئے جبکہ اجمل قصاب زندہ پکڑا گیا تھا جسے بعد میں مجرم قرار پانے کے بعد ہندوستان میں پھانسی دیدی گئی ۔