ملے پلی میںمقدس اوراق کی بے حرمتی سے کشیدگی

حیدرآباد۔ 21 مئی (سیاست نیوز) ملے پلی علاقہ میں آج شرپسندوں کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کا ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے بعد علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ مانگوڑ طبقہ کی شادی کی بارات کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شادی کی بارات میں بینڈ باجہ بجایا جارہا تھا اور اسی دوران بعض اشرار نے قرآنِ پاک کے مقدس اوراق کو مبینہ طور پر چاک کردیا اور انہیں سڑک پر پھینک دیا۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر مقامی عوام جمع ہوگئے اور حبیب نگر پولیس بھی وہاں پر پہنچ کر پھاڑے گئے مقدس اوراق کو وہاں سے ہٹا دیا۔ کچھ ہی دیر میں وہاں پر ماحول کشیدہ ہوگیا جس کے سبب پولیس نے ریاپڈ ایکشن فورس کو تعینات کردیا۔ انسپکٹر حبیب نگر مسٹر آر سنجے کمار نے بتایا کہ اس واقعہ کے سلسلے میں انہوں نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔