پورنیہ3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا تعلیمی وملی فاؤنڈیشن کی جانب سے بہار کے سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف و امداد رسانی کی مہم تیزی سے جاری ہے ۔اسی سلسلے میں آج فاؤنڈیشن کی ریلیف ٹیم نے پورنیہ ضلع کے بیسہ،امور اور بائسی بلاک کے مختلف گاؤں کے سیکڑوں سیلاب متاثرین کے درمیان راحتی اشیاء تقسیم کی۔ بیسہ بلاک کے مجگواں،پٹوگاؤں،ابھے پور،سرسی اور کھپرہ،لال ٹولی پنچایت کے گاؤں کے غریبوں،بیواؤں،مسکینوں،بوڑھے اوربے سہارا سیلاب متاثرین کے درمیان ریلیف تقسیم کی گئی، جس میں پانچ کیلو چاول، دال، تیل،چینی،چوڑا،مسالہ اور دیگر ضروریات کی چیزیں تھیں۔اس موقع پرفاؤنڈیشن کے سکریٹری مولانا نوشیر احمد نے کہا کہ علاقے کے ایم پی اور فاؤنڈیشن کے صدر مولانا اسرارالحق قاسمی گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے مسلسل علاقے کے سیلاب زدہ گاؤوں کارات دن دورہ کرکے حالات کا جائزہ لینے کے ساتھ سیلاب زدگان کی امداد و راحت رسانی کے لئے لگاتار جدوجہد کررہے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ مولانا کی اپیل پر مختلف رفاہی اداروں اور اہل خیر حضرات کے تعاون سے ملی فاؤنڈیشن سیلاب زدہ علاقوں کے تیس ہزار سے زائدخاندانوں کے درمیان ریلیف تقسیم کی مہم جاری رکھے ہوا ہے ۔بائسی کے باگڈوپ گاؤں کے نابینابزرگ شمس رضا کو فاؤنڈیشن کی جانب سے فوڈپیکٹ کے علاوہ نقد رقم کے ذریعہ بھی تعاون کیا گیا،انھوں نے سیکڑوں لوگوں کی موجودگی میں جذباتی ہوتے ہوئے ہاتھ اٹھاکر فاؤنڈیشن کی ریلیف ٹیم اور مولانا اسرارالحق قاسمی کی درازگی عمر کے لئے دعاء کی اور کہا کہ ہمارے علاقے میں ندی کے کٹاؤ کی وجہ سے اب تک کسی طرح کی امداد نہیں پہنچی تھی۔اس موقع پر شاداب رضوی نے کہا کہ فاؤنڈیشن کے ذریعہ گاؤں گاؤں کا سروے کرکے مستحقین تک امداد پہنچائی جارہی ہے جو سیلاب متاثرین کے لئے بڑے اطمینان و راحت کی بات ہے ۔ریلیف ٹیم میں فاؤنڈیشن کے سکریٹری کے علاوہ مولاناعارف مظاہری،شیخ الحدیث مفتی توقیر،مولانا ابوصالح ،مولانا مسعود اخترقاضی عارف اور مفتی اسرارالحق اور مقامی علماء و سماجی نمائندگان بھی موجود رہے اور سیلاب متاثرین کو مدد پہنچانے میں اہم کردار انجام دیا۔