نئی دہلی ۔21جون ( سیاست ڈاٹ کام ) یوگا کو مقبول بنانے عوامی مظاہروں میں اہم شخصیات نے عام آدمیوں کے ساتھ شرکت کی ۔ جب کہ ملک گیر سطح پر تمام ریاستوں میں یوم یوگا تقاریب منعقد کی گئی ۔ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں اور جن ریاستوں میں اس کی حلیف پارٹیوں کی حکومت ہے شاندار تقاریب منعقد کی گئیں اور مختلف اقدامات کا اعلان کیا گیا ۔ گجرات میں یوگا کو اسکولس میں باقاعدہ طور پر متعارف کروانے کا منصوبہ بنایا گیا جب کہ حیدرآباد میں چیف منسٹر نے 25کروڑ روپئے یوگا تقاریب کے باقاعدہ انعقاد کیلئے منظور کرنے کا اعلان کیا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے راج پتھ نئی دہلی پر یوم یوگا تقاریب کی قیادت کی۔ مرکزی وزیر صحت جے پی ندّا نے حیدرآباد میں تقریب میں شرکت کی ۔ ان کے ہمراہ کابینی وزیر بنڈارو دتاتریہ بھی تھے ۔ مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے ناگپور میں تقریب کی صدارت کی جب کہ مرکزی وزراء روی شنکر پرساد اور سریش پربھو نے علی الترتیب مغربی بنگال اور کیرالا کی تقاریب میں شرکت کی ۔ کئی چیف منسٹروں اور گورنروں نے بھی ریاستی دارالحکومتوں میں منعقدہ تقاریب میں شرکت کی ۔ سیاسی اہم شخصیات کے علاوہ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے بہار کے دارالحکومت پٹنہ کی یوگا تقریب میں شرکت کی ۔ ریاستی حکومتوں کے زیراہتمام اس موقع پر سرکاری تقاریب کا اہتمام کیا گیا ۔ گورنر یو پی نے سرکاری طور پر آج کا دن نہیں منایا ‘ تاہم خانگی طور پر اس کا اہتمام کیا ۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے ڈی سنگھ بابو اسٹیڈیم لکھنو کے ایک اجلاس کی قیادت کی جہاں 15ہزار سے زیادہ افراد بشمول مسلمان یوگا آسنوں کی مشق کررہے تھے ۔ قابل لحاظ تعداد میں سرکاری ملازمین اور عہدیدار بھی موجود تھے ‘ گجرات میں ایک کروڑ 25لاکھ افراد بشمول اسکولی طلبہ ‘ عمر رسید مرد وخواتین اور عورتوں نے تقاریب میں شرکت کی ۔ مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے طلبہ کی کثیر تعداد اور دیگر افراد کے ساتھ یوگا تقریب میں لال پریڈ گراؤنڈ پر حصہ لیا ۔ وادی کشمیر میں یوگا تقاریب کئی مقامات پر منعقد کی گئیں جن میں اسکولی بچوں کی کثیر تعداد نے جوش و جذبہ کے ساتھ حصہ لیا ۔ سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم 1200سے زیادہ این سی سی کیڈس اور اسکولی بچوں نے شرکت کی ۔ پنجاب اور ہریانہ میں کئی تقاریب منعقد کی گئیں ۔
چیف منسٹر منوہر لال کٹھر اور حکومت ہریانہ کے زیراہتمام کرنال نے یوم یوگا تقریب میںشرکت کی اور اعلان کیا کہ ایک ہزار تربیت کنندوں کا تقرر کیا جائے گا ‘ تاکہ یوگ اور ویایام شالہ چلاسکے جو ریاست کے ایک ہزار دیہاتوں میں قائم کئے جائیں گے ۔ راجستھان میں لاکھوں افراد نے ایک گھنٹے تک یوگا کیا ۔ اہم تقریب میں چیف منسٹر وسندھرا راجے اور ان کے کابینی ساتھیوں نے جئے پور کے سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں شرکت کی ۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویز نے ممبئی کی واردھا روڈ کے سنٹرل جیل میں منتخب قیدیوں کے ساتھ یوگا کیا ۔ ممبئی میں زبردست بارش جاری ہے ‘ تاہم بی جے پی کے ریاستی صدر اور وزیر صحت نے ریاستی وزیر خزانہ اور دیگر کے ساتھ یوگا کیا ۔ دو مرکزی وزراء پیوش گوئل اور اننت گیتے بھی موجود تھے ۔ چھتیس گڑھ میں چیف منسٹر رمن سنگھ نے عوام کی حوصلہ افزائی کی اور خاص طور پر نوجوانوں کو یوگا کرنے کا مشورہ دیا ۔ تقریباً 17اسکولوں میں ایک ہزار سے زیادہ طلبہ نے یوگا کیا ‘ گوا میں کئی گروپس نے سمندر کے ساحلوں اور اسکولوں اور کھلے میدانوں میں یوگا کیا ۔