2019 میں ٹی آر ایس کی واپسی یقینی، فلاحی اسکیمات سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار
حیدرآباد۔/31مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر برقی جگدیش ریڈی نے دعویٰ کیا کہ ملک بھر کے عوام چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت چاہتے ہیں اور 2019 میں تلنگانہ میں ٹی آر ایس کا دوبارہ اقتدار یقینی ہے۔ وزیر برقی نے آج اپنی قیامگاہ پر دیور کنڈہ مارکٹ کمیٹی کے نو منتخب صدرنشین بالا نرسمہا اور مارکٹ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ رکن اسمبلی رویندر نائیک کی قیادت میں مارکٹ کمیٹی کے نومنتخب صدر اور ارکان نے ملاقات کرتے ہوئے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ میں جن فلاحی و ترقیاتی اسکیمات کا آغاز کیا ہے ملک بھر میں اس کی نہ صرف ستائش کی جارہی ہے بلکہ دیگر ریاستیں ان اسکیمات کو اختیار کرنے کی خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اور تلنگانہ ریاست کی ملک بھر میں مقبولیت کے باعث عوام کے سی آر کی قیادت کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلاحی اقدامات میں تلنگانہ ریاست کی مثال پیش نہیں کی جاسکتی۔ یہی وجہ ہے کہ مختلف ریاستوں سے تلنگانہ کی اسکیمات کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ 2019 انتخابات میں ٹی آر ایس کی اقتدار میں واپسی یقینی ہے اور اپوزیشن جماعتوں کو عوام مسترد کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کی کامیابی سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے مارکٹ کمیٹی کے نومنتخب عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس حکومت پر تنقید کیلئے کوئی موضوع نہیں ہے لہذا بے بنیاد الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں جس طرح عوام نے اپوزیشن جماعتوں کو سبق سکھایا تھا اسی طرح 2019 میں بھی عوام کا فیصلہ ٹی آر ایس کے حق میں رہے گا۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ اسمبلی اجلاس میں تمام عوامی مسائل پر سیر حاصل مباحث ہوئے اور حکومت نے تفصیلی جواب دیا۔ جگدیش ریڈی نے اسمبلی اجلاس کے پہلے دن کانگریس ارکان کی ہنگامہ آرائی پر ان کے خلاف کی گئی کارروائی کو حق بجانب قرار دیا۔