ملک کی پہلی مونو ریل کا ممبئی میں کل افتتاح

ممبئی ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ملک کی پہلی مونوریل خدمات کا آغاز ممبئی میں یکم ؍ فروری سے ہوگا جو وڈالا ۔ چمبور روٹ کی 8.9 کیلو میٹر طویل راہداری پر چلائی جائے گی حالانکہ اس کا آغاز دو سال قبل ہی ہونے والا تھا لیکن کچھ تکنیکی وجوہات کی بنیاد پر یہ پراجکٹ دو سال تاخیر کا شکار ہوگیا۔ وزیراعلیٰ مہاراشٹرا پرتھوی راج چوہان یکم ؍ فروری کو اس کا افتتاح انجام دیں گے اور عوام کے لئے اس کا باقاعدہ آغاز 2 فروری سے ہوگا۔

ممبئی میٹرو پولٹین ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایم ایم آر ڈی اے) سربراہ یو پی ایس مدن نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ 3000 کروڑ روپئے کے مصارف والے مونو ریل پراجکٹ کی دو مراحل میں تکمیل ہوگی۔ پہلا مرحلہ 8.9 کیلو میٹر طویل وڈالا۔ چمبور کا احاطہ کرے گا جس کا آغاز عوام کیلئے 2 فروری سے ہوگا جبکہ دوسرے مرحلہ میں مونو ریل جنوبی ممبئی کے سنت گاڈگے مہاراج روڈ (سات راستہ) کا احاطہ کرے گا۔ پہلے مرحلہ کے آپریشنس کیلئے حکام نے 5 روپئے تا 11 روپئے کرایہ مقرر کیا ہے۔ ایم ایم آر ڈی اے پہلے مرحلہ میں چھ ٹرینیں چلائے گی جبکہ دوسرے مرحلہ میں مزید 10 ٹرینوں کا اضافہ کیا جائے گا۔ مسٹر مدن نے کہا کہ ابتداء میں خدمات کا آغاز چار کوچس کے ساتھ کیا جائے گا جو ہر پندرہ منٹ کے وقفہ سے چلائی جائے گی جس میں 2300 مسافرین کی گنجائش ہوگی۔ مونو ریل پراجکٹ کی تکمیل مشہور انجینئرنگ کمپنی لارسن اینڈ ٹوبرو اور ملائشیائی کمپنی اسکومی انجینئرنگ نے مکمل کیا ہے۔ مونو ریل سے وڈالا تا چمبور کا سفر اب 40 منٹ کی بجائے صرف 21 منٹ میں مکمل کیا جاسکے گا۔