ملک کی سکیورٹی کی ضروریات سے حکومت پوری طرح باخبر

سرحدوں پر لاحق خطرات کا باقاعدہ جائزہ اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ لامتناہی عمل : مملکتی وزیر دفاع
نئی دہلی 8 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج کہاکہ وہ ملک کی سکیورٹی صورتحال کے تقاضوں سے پوری طرح باخبر ہے اور سرحدوں کو خطرات سے محفوظ رکھنے کے لئے باقاعدہ طور پر جائزہ لیا جاتا رہا ہے۔ راجیہ سبھا میں کئے گئے اِس سوال پر کہ آیا ڈوکلم میں چین کے ساتھ جاری تعطل کے پیش نظر ملک کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی ضرورت ہے، مملکتی وزیر دفاع سبھاش بھامرے نے یہ جواب دیا۔ بھامرے نے کہاکہ ’’حکومت ملک کی سکیورٹی ضروریات سے پوری طرح باخبر ہے اور وہ ہماری سرحدوں کو محفوظ رکھنے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لئے مختلف خطرات کا باقاعدگی کے ساتھ جائزہ لیا کرتی ہے‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان کی سلامتی، اقتدار اعلیٰ، علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لئے سرحدوں پر دفاعی چوکسی کے ضمن میں وقفے وقفے سے مناسب اقدامات کئے جاتے ہیں۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ’’فوجی صلاحیت میں اضافہ ایک انتہائی اہم اور لامتناہی عمل ہے جو ہمیں لاحق خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے‘‘۔ اتراکھنڈ کے علاقہ چمولی میں چینی ہیلی کاپٹروں کی دراندازی کے ایک الگ سوال پر بھامرے نے جواب دیا کہ سرحدی علاقوں میں دونوں ملکوں کے درمیان لائن آف کنٹرول پر کوئی مشترکہ حدبندی نہیں ہے۔