نئی دہلی /3 جنوری ( پی ٹی آئی ) تلگودیشم پارٹی نے آج وزیر اعظم منموہن سنگھ پر ’’رشوت ستانی ‘‘کا تحفظ کرنے کا الزام عائد کیا اور ان کی پریس کانفرنس کو اپنی حکومت کی ناکامیوں کی پردہ پوشی کی کوشش قرار دیا ۔ تلگودیشم پارلیمانی پارٹی کے لیڈر ناما ناگیشور نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم منموہن سنگھ ، رشوت ستانی کا تحفظ کر رہے ہیں ۔ اگرچہ وہ ( منموہن سنگھ ) ایک اچھے آدمی ہوسکتے ہیں لیکن ان کے دور حکمران میں بے پناہ رشوت ستانی ہوئی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یو پی اے حکومت نہ صرف رشوت ستانی پر کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی ہے بلکہ بجائے اس کے رشوت ستانی کا تحفظ کر رہی ہے ۔ ناما ناگیشور راؤ نے الزام عائد کیا کہ 15 ویں لوک سبھا کا سارا وقت مختلف اسکامس پر بحث و ہنگامہ آرائی پر صرف ہوگیا ۔ 2G اسکام پر لوک سبھا کا ایک سیشن تقریباً مکمل طور پر رائیگاں چلا گیا ۔ پھر کوئلہ اسکام ، کانکنی مافیا اور دہلی ایرپورٹ اسکامس پر بھی ایسا ہی ہوا ۔ مسٹر ناما ناگیشور راؤ نے کہا کہ ہند ۔ امریکہ نیو کلئیر سمجھوتہ کو ڈاکٹر منموہن سنگھ نے بحیثیت وزیر اعظم اپنے کیرئیر کا بہترین لمحہ قرار دیا ۔ لیکن یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آیا اس سمجھوتہ سے عام آدمی کو کیا فائدہ پہونچا ہے ۔ وزیر اعظم کی جانب سے نریندر مودی کو ملک کیلئے تباہ کن قرار دئے جانے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی حکمرانی میں ملک سب سے بڑے المیہ سے گذر رہا ہے ۔