ملک کو چلانے کیلئے وسیع قلب کی ضرورت

رائے بریلی۔27اپریل ( سیاست ڈاٹ کام )پرینکا گاندھی نے نریندر مودی کو زبردست تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک کو چلانے کیلئے وسیع قلب اور اخلاقی طاقت کی ضرورت ہوتی ہے اور اسے صرف 56انچ کا سینہ رکھتے ہوئے نہیں چلایا جاسکتا ۔ کانگریس کے لئے انتخابی مہم میں مصروف پرینکاگاندھی نے انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار کے حالیہ گورکھپور ریالی میں 56انچ سینہ سے متعلق ریمارک کا حوالہ دیتے ہوئے اُن پر جوابی وار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو چلانے کیلئے 56انچ سینہ کی ضرورت نہیں ‘ اسی چلانے کیلئے ایک بڑا دل ہونا ضروری ہوتاہے ۔

انہوں نے کہاکہ ہندوستان کو چلانا ہو تو اسے اقتدار کی لالچ رکھنے والی طاقت کی ضرورت نہیں بلکہ اخلاقی طاقت کی ضرورت اسے ہے ۔ یہ طاقت انسان کے اندر ہوتی ہے اور اسی طرح کی طاقت کے ذریعہ کوئی اپنے ملک کی تہذیب کو بچانے کیلئے جان کی قربانی بھی دے سکتا ہے ۔ نریندر مودی نے گورکھپور ریالی میں خطاب کے دوران کہا تھا کہ اترپردیش کو گجرات میں بدلنے کیلئے 56انچ کا سینہ چاہیئے ۔ نیتا جی (ملائم سنگھ یادو ) کیا آپ جانتے ہیں کہ اترپردیش کو کس طرح گجرات میں تبدیل کیا جاسکتا ہے ؟ ۔ اس کا مطلب 24گھنٹے برقی ‘ سال کے 365دن ہر گاؤں اور سڑک پر کوئی برقی کٹوتی نہیں ۔

آپ ایسا بالکل نہیں کرسکتے ‘ آپ میں اترپردیش کو گجرات میں بدلنے کا حوصلہ نہیں اس کیلئے 56انچ کا سینہ چاہیئے ۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ یہ ملک گاندھی جی کا ہے اور تمام مذاہب بشمول ہندو ‘ مسلم ‘ سکھ ‘ عیسائی ‘ بدھ ‘ جین سے تعلق رکھنے والے عوام کا ہے جنہوں نے آزادی کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں ۔دلتوں اور قبائلیوں نے اس ملک کی آزادی کیلئے اپنی جان قربان کی ہے ۔ انہوں نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک آپ کا ہے اور آپ ہی اس کے محافظ ہیں ۔ یہ ملک میرا ہے اور میری رگوں میں بہنے والے خون میں یہ سرزمین بھی ملی ہوئی ہے۔پرینکا گاندھی نے اپنے شوہر کے خلاف جاری کردہ بی جے پی کے ویڈیو پر کہا کہ بی جے پی بپھرے ہوئے چوہوں کی طرح برتاؤ کررہی ہے ۔ وہ اس طرح کی دروغ گوئی اور جھوٹے بیانات سے خوف زدہ اور کمزور نہیں ہوں۔بی جے پی اب اوچھی حرکتوں پر اتر آئی ہے ۔ بی جے پی قائدین ناکام چوہوں کی طرح آڑی باڑی پھر رہے ہیں ۔ میں اس طرح کے چوہوں سے ڈرنے والی نہیں ہوں ۔ ان کی سونچ منفی ان کا عمل انتشار پسندانہ اور شرمناک سیاست پر عمل پیرا ہے۔

پرینکا گاندھی نے کہا کہ یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ اس ملک کی اور میرے خاندان کے ’’ دھرم ‘‘ کی حفاظت کریں ۔ جاریہ لوک سبھا انتخابات کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ اس بار آپ کو ملک کے استحکام اور اتحاد کی برقراری کیلئے ووٹ دینا ہے ۔انہیں یقین ہے کہ عوام وسیع النظری کا مظاہرہ کریں گے اور یہ فیصلہ کریں گے کہ کس طرح کا ملک وہ چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات مخصوص علاقہ تک محدود نہیں ہے بلکہ مرکز میں نئی حکومت کا بھی فیصلہ ہوگا ۔
انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ رائے دہی سے قبل نہ صرف اپنے علاقے بلکہ اپنے بچوں کے مستقبل اور ساتھ ہی ساتھ سارے ملک کے بارے میں غوروخوض کریں اور اس کے بعد ہی فیصلہ کریں اور جب آپ کوئی فیصلہ کریں گے تو یہ نہ صرف سونیا جی بلکہ سارے ہندوستان کیلئے ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے اس علاقہ میں کئی ترقیاتی کام کئے ہیں اور آپ ان کی تائید کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے انہیں کامیاب بنائیں ۔