ملک کا نیا نیوکلئیر پاور پلانٹ پوری طرح محفوظ : پاکستان کا ادعا

اسلام آباد 26 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنے نئے قائم ہونے والے بڑے سیول نیوکلئیر پراجیکٹ کی سلامتی سے متعلق اندیشوں کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان نے آج کہا کہ اس کا پراجیکٹ محفوظ ہے اور اس میں بین الاقوامی جوہری توانائی ادارہ کی نگرانی میں رکھا گیا ہے ۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں بتایا کہ پاکستان ۔ چین نیوکلئیر تعاون صرف اور صرف پر امن مقاصد کیلئے ہے اور اس کو بین الاقوامی جوہری توانائی ادارہ کی نگرانی میں رکھا گیا ہے ۔ پاکستان کے تین ماہرین طبیعات نے اس نیوکلئیر پراجیکٹ کی سلامتی اور تحفظ کے تعلق سے اندیشوں کا اظہار کیا تھا اور کہا کہ اس کا ڈیزائین بھی درست نہیں ہے ۔ اس پر ضرورت سے زیادہ اخراجات آ رہے ہیں۔ یہ پراجیکٹ چین کی مدد سے ساحلی شہر کراچی میں تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ کراچی نیوکلئیر کامپلکس میں جملہ 2,200 میگاواٹ برقی پیدا کرنے کی صلاحیت ہوگی اور یہاں دو چینی ری ایکٹرس سے استفادہ کیا جائیگا تاہم ابھی ان ری ایکٹرس کا ڈیزائین زیر غور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ بالکلیہ طور پر محفوظ ہے ۔