ملک پیٹ ڈیویژن کے بلدی مسائل کو حل کرنے پر زور

جی ایچ ایم سی عہدیداروں کا دورہ ، اعظم علی خرم کی نمائندگی
حیدرآباد۔6فبروری(سیاست نیوز) قدیم ملک پیٹ بلدی حلقہ میںبلدی برقی اور آبرسانی مسائل کے متعلق شکایتو ں کاجائزہ لینے کے لئے زونل کمشنر ساوتھ زون مسٹر بالا سبرامنیم ریڈی اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ ٹی آر ایس قائد جناب اعظم علی خرم ملک پیٹ سی آئی بی کالونی کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے مقامی عوا م کی جانب سے کچرے کی عدم نکاسی کے متعلق کی گئی شکایتوں پر زونل کمشنر کو توجہہ دلائی ۔انہوں نے کہاکہ ملک پیٹ ریلوے برج سے متصل نالے کے قریب کچرے کا انبار جمع ہے جس سے اطراف واکناف کے علاقوں میں مچھروں کی افزائش ہورہی ہے اور مقامی عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔اس موقع پر جناب اعظم علی خرم نے ملک پیٹ ریلوے برج کے کام میں سست رفتاری سے پیدا شدہ صورتحال سے بھی زونل کمشنرکو واقف کروایا اور کہاکہ نلگنڈہ چواراہے تاکہ چادر گھاٹ برج ایچ ایم آر پراجکٹ میں تاخیر کے سبب گھنٹوں ٹریفک جام رہتی ہے اور لوگ اعظم پورہ کے راستہ کو زیادہ ترجیح دے رہے ہیں جس کی وجہہ سے مذکورہ سڑک پر ٹریفک کے بہائو میںتیزی کے ساتھ اضافہ ہوا ہے اور مصروف ترین اوقات میں عوام کو اعظم پورہ برج کے پاس بھی ٹریفک جام کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔انہوں نے سی آئی بی کالونی ملک پیٹ سے متصل نالے کے اطراف اکناف میں حد بندی قائم کرنے کی زونل کمشنر سے خواہش ظاہر کی تاکہ نالے کے اطراف و اکناف میں کچرہ پھینکنے سے عوام کو روکا جاسکے اس کے علاوہ انہوں نے مذکورہ مقام پر کچرے کے ڈبے نصب کرنے اور دوسے تین مرتبہ مذکورہ مقام سے کچرے کی نکاسی کے لئے عملے کو متعین کرنے کی بھی زونل کمشنر سے مطالبہ کیا۔زونل کمشنر نے فی الفور کچرے کے ڈبے نصب کرنے اور کچرے کی نکاسی کے اوقات میںاضافے کے ذریعہ عوام کو راحت پہنچانے کا وعد ہ کیا اور کہاکہ اندرون ایک ہفتہ یا دس دن اعظم پورہ آر او بی عبوری برج کو عوام کے لیے کھول دینے کا بھی یقین دلایا۔