ملک پہلے ہی نقد رقم سے پاک ہوگیا

وزیراعظم کے ’’نقد رقم سے پاک خواب ‘‘ پر کپل سبل کا طنز
نئی دہلی ۔ 28 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے نقد رقم سے پاک سماج کی تائید کے دوسرے دن سینئر کانگریس لیڈر کپل سبل نے آج اُنھیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ملک کرنسی بند کرنے کی وجہ سے پہلے ہی نقد رقم سے پاک ہوچکا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ہندوستان کو نقد رقم سے پاک سماج میں تبدیل کرنے کا خواب اُسی وقت پورا ہوسکتا ہے جب ادارہ جاتی ضابطہ بھی موثر ہواور اس نظام کی مدد کے لئے خاطر خواہ انتظامات کئے جائیں۔ کسی طرح کے انتظام کے بغیر اس خواب کو کس طرح پورا کیا جاسکتا ہے ؟ کپل سبل نے کہاکہ اس ملک میں 70کروڑ سے زائد لوگ ماہانہ دس ہزار روپئے تک کماتے ہیں ۔ وہ بینکوں میں اپنی رقم جمع نہیں کراتے، اب اُنھیں کیا کرنا ہوگا ؟ اے ٹی ایم ، بینک یا اس کی شاخیں نہیں ہیں اور عوام کو 20 کیلومیٹر پیدل چلنا پڑ رہا ہے ۔ ملک پہلے ہی نقد رقم سے پاک سماج میں تبدیل ہوچکا ہے کیونکہ عوام کے پاس اس وقت نقد رقم ہی نہیں ہے ۔ انھوں نے موبائیل بینکنگ کی وزیراعظم کی تجویز پر بھی حیرت کا اظہار کیا اور کہاکہ ناخواندہ لوگوں کیلئے یہ کس طرح سہولت بخش ہوسکتا ہے ؟