ملک میں 53 فیصد بچوں کا جنسی استحصال : کیلاش ستیہ رتھی

کریمنگر ۔ یکم مارچ ( پی ٹی آئی ) بچوں کے حقوق کے جہد کار و نوبل انعام یافتہ کیلاش ستیہ رتھی نے آج کہا کہ ملک میں 18 سال سے کم عمر کے 53 فیصد بچوں کا جنسی استحصال ہوتا ہے اور ان میں سے بیشتر اس کی شکایت کرنے کی ہمت نہیں رکھتے ۔ انہوں نے یہاں اسکولی طلبا سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم بچپن بچاؤ آندولن نے کریمنگر کو بچوں کیلئے دوستانہ ضلع بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ملک بھر میں 600 گاووں کو منتخب کیا گیا ہے جنہیں بچوں کیلئے بہتر اور دوستانہ بنایا جا رہا ہے ۔ یہاں بچوں کے حقوق کے تعلق سے شعور بیدار کیا جارہا ہے ۔ انہیں نگہداشت صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان گاووں میں بچوں کے استحصال کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور یہاں ہر ایک کو اسکول بھیجنے کے انتظامات بھی کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کو بچوں کے تحفظ پر زیادہ فنڈز فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔