ملک میں یو پی ایس سی پریلیمنری امتحان کا انعقاد

نئی دہلی۔ 24 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سیول سرویسیز پریلیمنری امتحان مختلف تنازعات سے دوچار ہونے کے بعد آج ملک بھر میں واقع مختلف مراکز پر منعقد ہوا۔ طلبہ امتحان کے طریقہ کار میں تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کررہے تھے۔ پریلیمنری امتحان دو پرچے (پرچہ I اور پرچہ II) پر مشتمل ہوتا ہے اور ہر پرچے کیلئے دو گھنٹے کا وقت دیا جاتا ہے۔ پہلا پرچہ 9:30 بجے صبح شروع ہوا اور کسی بھی امتحانی مرکز پر کوئی احتجاج کی اطلاع نہیں ملی۔ تقریباً 9 لاکھ طلبہ نے امتحان میں شرکت کے لئے درخواستیں دی ہیں۔ امتحان کے طریقہ کار پر حال ہی میں تنازعہ پیدا ہوگیا تھا اور طلبہ سیول سرویسیز اَپٹی ٹیوڈ ٹسٹ یا پرچہ دوم کے طریقہ کار میں تبدیلی کا مطالبہ کررہے تھے۔ وہ احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور یہ پرتشدد شکل اختیار کرگیا تھا۔

طلبہ کے احتجاج کی بناء پر منسٹر آف اسٹیٹ جیتندر سنگھ نے 4 اگست کو پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ پرچہ دوم میں انگلش سیکشن کے سوالات کے نشانات کو سیول سرویسیز امتحان میں میرٹ کیلئے شامل نہیں کیا جائے گا۔ طلبہ احتجاج کی قیادت کررہی ناگرک ادھیکار منچ کے ایک قائد نے کہا کہ ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ ایک اور امیدوار جنہوں نے امتحان کے لئے اپنا نام درج کرایا لیکن امتحان میں شرکت نہیں کی، ہم امتحان کو متاثر کرنا نہیں چاہتے لیکن پرچے II کے طریقہ کار کو ختم کرنے کے لئے ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔