ہمارا تخمینہ بین الاقوامی معیارات کے مطابق ہے ۔ ڈاکٹر سی رنگا راجن کا ادعا
نئی دہلی 7 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنے اس تجزیہ کی مدافعت کرتے ہوئے کہ ہندوستان میں ہر 10 میں 3 شہری غریب ہیں وزیراعظم کی معاشی مشاورتی کمیٹی کے سابق صدر نشین سی رنگا راجن نے کہا کہ ان کی جانب سے غربت کے تعلق سے فراہم کردہ اعداد و شمار قدامت پسندانہ تجزیہ نہیں ہیں بلکہ یہ عالمی معیارات کے مطابق ہیں۔ ماہرین کے گروپ نے جس کی صدارت سی رنگا راجن نے کی تھی سریش تنڈولکر کمیٹی کے غربت کے تخمینہ سے متعلق طریقہ کار کو مسترد کردیا تھا اور کہا تھا کہ ہندوستان میں غریبوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اور یہ 2011- 12 میں 29.5 فیصد رہی تھی ۔ رنگا راجن کمیٹی کے تخمینہ کے مطابق ہندوستان میں ہر 10 میں 3 لوگ غریب ہیں ۔ جبکہ تنڈولکر کمیٹی نے جو طریقہ کار اختیار کیا تھا اس میں کہا گیا تھا کہ 2011- 12 میں ہندوستان میں غربت کی شرح 21.9 فیصد تھی ۔ رنگا راجن نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ غربت کے متعلق ان کی کمیٹی کے اعداد و شمار قدامت پسندانہ ہیں بلکہ یہ ان کے خیال میں واجبی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے غربت کے اندازوں کا آزادانہ تخمینہ کیا ہے ۔ اپنی رپورٹ میں رنگا راجن نے کہا تھا کہ شہری علاقوں میں یومیہ 47 روپئے خرچنے والے اور دیہی علاقوں میں یومیہ 32 روپئے خرچنے والے غریب نہیں کہلائے جائیں گے ۔ ان کے اس تخمینہ پر تنقیدں کی جا رہی ہیں۔ مسٹر رنگا راجن نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک کی جانب سے بھی قوت خرید کو ذہن میں رکھا جاتا ہے ۔ اقل ترین اخراجات یومیہ کا جائزہ لیا جاتا ہے ۔ عالمی بینک کی جانب سے یومیہ 2 ڈالر کی بات کہی گئی ہے اور ہم نے اپنا اندازہ یومیہ 2.4 ڈالر کا رکھا ہے ۔ ایسے میں ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ ہم نے غربت کے جو معیارات کا تعین کیا ہے وہ عالمی معیار کے مطابق کیا ہے ۔ رنگا راجن نے واضح کیا کہ جو فوائد ہیں وہ غربت کی سطح کی بنیاد پر نہیں تقسیم کئے جا رہے ہیں جس طرح فوڈ سکیوریٹی قانون ہے جس سے ملک کی 67 فیصد آبادی کو فائدہ حاصل ہو رہا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماہرین معاشیات کا یہ احساس ہے کہ یہ غربت کو سمجھنے کی کوشش ہے اور یہ جاننے کی کوشش ہے کہ معیشت کس طرح پیشرفت کر رہی ہے ۔ اس کے علاوہ اس سے پالیسیوں پر کوئی اثر نہیں ہوتا ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ غربت کی سطح کو ماہانہ اخراجات کی بنیاد پر دیکھیں جو پانچ افراد کے خاندان کیلئے دیہی علاقوں میں 4,860 روپئے اور شہری علاقوں میں 7,035 روپئے ہوتے ہیں۔