ایم ششی دھر ریڈی کا ادخال پرچہ نامزدگی کے بعد درگاہ حضرات یوسفینؒ پر حاضری
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ) : نائب صدر نشین قومی آفات سماوی انتظامی اتھاریٹی و کانگریس امیدوار حلقہ اسمبلی صنعت نگر جناب ایم ششی دھر ریڈی نے کہا ہے کہ ملک میں آج سیکولر قوتوں کو مضبوط و مستحکم بنانے کی ضرورت ہے ۔ گجرات میں سن 2002 میں جو بدبختانہ واقعات ہوئے اسے مہذب سماج فراموش نہیں کرسکتا ۔ کانگریس پارٹی انسانی اقدار ، ملک کی ترقی اور فرقہ وارانہ اتحاد و ہم آہنگی میں یقین رکھتی ہے ۔ وہ اپنے والد آنجہانی ڈاکٹر ایم چناریڈی اور کانگریس پارٹی کی روایات پر سختی کے ساتھ کاربند ہیں ۔ کل حلقہ اسمبلی صنعت نگر سے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد انہوں نے شام میں درگاہ یوسفینؒ میں حاضری دی ۔ جہاں ان کی کامیابی کے لیے دعا کی گئی اور ان کو شال اوڑھائی گئی ۔ اس موقعہ پر کانگریس کے کارپوریٹرز مسرز ایوب خاں ، شریمتی پی مہیشوری ، شریمتی کرن مائی اور جئے دیوا کے علاوہ کانگریسی قائدین جناب محمد عثمان سجادہ نشین درگاہ شریف پرگی ، جناب شیخ غوث ، جناب علی رضا اور دوسرے موجود تھے ۔ جناب ششی دھر ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی حکومت میں جو فسادات ہوئے تھے تو اس وقت کے وزیر اعظم اور بی جے پی قائد شری اٹل بہاری واجپائی نے بھی اس کو شرمناک قرار دیا تھا ۔ لیکن آج اسی شخصیت کو آگے بڑھایا جارہا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ اس پارٹی کے پاس پروگراموں اور پالیسیوں سے بڑھ کر صرف ایک ہی شخصیت کو درجہ دیا جارہا ہے اور اس پارٹی کے پاس کوئی مضبوط قیادت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے درمیان رہے ہیں اور عوام سے محبت کرتے ہیں اور توقع ہے کہ ان کے حلقہ کے رائے دہندگان ان کو پانچویں مرتبہ بھی کامیاب بنائیں گے ۔۔