ملک میں دو بچوں کا قانون لاگو کیا جائے : توگاڑیہ

نئی دہلی 30 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) وی ایچ پی نے آج مردم شماری کے اعدا و شمار کو اجاگر کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مسلمانوں کے ’’ آبادی جہاد ‘‘ کی وجہ سے ہندووں کا موقف کمزور ہوجائیگا ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں صرف دو بچوں کا قانون لاگو کیا جانا چاہئے ۔ وی ایچ پی کے ورکنگ صدر پروین توگاڑیہ نے کہا کہ مسلمانوں کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور ہندووں کی آبادی میں اضافہ سست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ ہندووں کے حق میں بہتر نہیں ہے ۔ مسلمانوں کی آبادی میں منظم انداز میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے آر ایس ایس کے ترجمان رسالہ آرگنائزر میں ایک مضمون تحریر کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ توگاڑیہ نے کہا کہ 1951 میں ہندووں کی آبادی 84 فیصد تھی جو اب 80 فیصد سے کم ہوگئی ہے جبکہ مسلمان اس وقت 10 فیصد سے کم تھے لیکن اب وہ 14 فیصد ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک میں یکساں سیول کوڈ کا نافذ کرنا بہت ضروری ہوگیا ہے ۔