ملک میں تبدیلی کیلئے نوجوانوں میں غیرمعمولی صلاحیت

نئی دہلی 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم منموہن سنگھ نے آج کہاکہ ملک میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے ہندوستانی نوجوانوں میں غیرمعمولی اُمنگ و صلاحیتیں موجود ہیں۔ سماج و سیاست کی ہیئت ترکیبی میں حصہ لینے کیلئے آمادہ و تیار ہیں جو اپنی اُمنگوں کے مطابق مختلف تقاضوں کا جواب دے سکتے ہیں۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کہاکہ یہ ایک بیدار مغز، باشعور اور سرگرم نوجوان کی حیثیت سے ایک طاقت کی موجودگی انتہائی مثبت تبدیلی ہے جو ملک کو حقیقی معنوں میں تبدیل کرسکتی ہے۔

نیز غریبی، بیماری، پسماندگی اور ناخواندگی سے ملک کو نجات دلاسکتی ہے۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) ریالی سے خطاب کرتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ وہ مہاتما گاندھی کے ایک قول پر عمل کریں کہ ’’ہم وہ تبدیلی بن جائیں جو (تبدیلی) دیکھنا چاہتے ہیں‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’ہم انتہائی تیز رفتار تغیر پذیر اور ایک دوسرے سے مربوط دنیا میں زندگی بسر کررہے ہیں۔ چنانچہ سماج میں بہتر تبدیلی لانے کیلئے ہمارے نوجوانوں میں غیرمعمولی اُمنگ ایک فطری امر ہے‘‘۔

ڈاکٹر منموہن نے کہاکہ (این سی سی کی) اس سالانہ تقریب میں وہ گزشتہ 10 سال سے بپابندی شرکت کرتے رہے ہیں اور یہ ملک میں مثبت تبدیلی کیلئے ان کے ایقان کی تجدید کرتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’ان اقدار پر جن کے ہم پاسدار ہیں اور ہمارے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر بھی میرے اعتماد کی تجدید ہوتی ہے‘‘۔ وزیراعظم نے کہاکہ این سی سی، اس ملک کے لئے باعث فخر ہے جس میں مختلف پس منظر، علاقوں، مذاہب، زبانوں، تہذیب کی نمائندگی کرنے والے نوجوان یکجا ہیں جو حب الوطنی، بے لوث خدمت اور انسانیت کے مشترکہ اقدار پر عمل کرتے ہوئے کثرت میں وحدت کے فلسفہ کی عملی جھلک پیش کررہے ہیں۔ یہ فلسفہ ہی ہمارے ملک و قوم کا بنیادی نظریہ ہے۔