ملک میں بھائی چارہ کا ماحول بحال کرنا وقت کی اہم ضرورت: فاروق عبداللہ

سری نگر ، 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ملک کے لوگوں میں پیار محبت اور بھائی چارہ کی ریت کو پھر سے بحال کرنے پر زور دیتے ہوئے ہندوستان میں بقول ان کے بڑھتی ہوئی نفرتوں، فرقہ پرستی اور تعصب پر زبردست تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس رجحان کا قلع قمع کرنے کے لئے صحیح سوچ رکھنے والے لوگوں کو آگے آکر کام کرنا چاہئے ۔انہوں نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں اپنی رہائش گاہ پر پونے ممبئی کی رضاکار تنظیم سرحد کے وفد کے ساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔ بتادیں کہ مذکورہ رضار تنظیم پونے میں غریب، یتیموں اور ناداروں کو مفت تعلیم اور قیام کو طعام کی سہولیات فراہم کررہی ہیں جن میں جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے 150بچے بھی شامل ہیں۔ وفد میں ورشا اوسگر، سہیل مہاجن، آر ٹی بھٹ، الیاس خان اور 21رضاکار تھے ۔